پنجاب: شدید آندھی اور بارش، پانچ افراد جاں بحق، متعدد زخمی


لاہور: صوبہ پنجاب میں شدید آندھی اور بارش کے باعث پانچ افراد جاں بحق جبکہ درجنوں افراد زخمی بھی ہوگئے۔

ہم نیوز کے مطابق خانیوال میں مختلف علاقوں میں گھروں کی چھتیں گر گئیں جس کے باعث چار افراد جاں بحق جبکہ 13 افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو 1122 نے ابتدائی طبی امداد کے بعد متاثرہ افراد کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا۔

لاہور

ادھر صوبائی دارالحکومت لاہور میں شدید آندھی کے دوران چھتیں اور دیواریں گرنے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 16 افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ منصورہ میں گھر کا کمرہ گرنے سے 6 افراد زخمی ہوئے جبکہ شاد باغ عامر روڈ پر دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوگئے۔ کاہنہ کاچھا میں چھت گرنے سے تین افراد زخمی ہوئے۔

ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لیے متعلقہ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ترجمان لیسکو کے مطابق لیسکو ریجن میں شدید آندھی کے نتیجے میں 150 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے جس سے بجلی کی ترسیل میں عارضی تعطل پیش آیا۔

لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ کی ہدایت پر فیلڈ اسٹاف کو الرٹ کردیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ آندھی میں کمی کے ساتھ ہی بجلی بحالی کا کام شروع کردیا جائے گا۔ لیسکو نے صارفین سے تعاون کی اپیل کی ہے۔

فیصل آباد

فیصل آباد میں بھی آندھی اور بارش کے باعث 110 فیڈرز سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

ترجمان فیسکو کے مطابق لائن اسٹاف نے بجلی کی بحالی کے لیے کام شروع کر دیا۔

فیسکو چیف مجاہد اسلام بحالی کے کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ طوفان کی نوعیت غیر معمولی ہونے کی وجہ سے بحالی کے کاموں کے لئے کنسٹرکشن اسٹاف کو طلب کر لیا گیا ۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں جھنگ، گوجرہ، فیصل آباد، سمندری، سرگودھا، تاندلیانوالہ شامل ہیں۔

پاکپتن

پاکپتن میں بارش اور آندھی کے باعث ریلوے روڈ پر درخت رکشہ پر گر گیا۔ درخت گرنے سے خاتون سمیت تین بچے شدید زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کےلیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

اس سے قبل کراچی میں سوموار کی صبح تیز آندھی کے سبب پول گرنے اور دیگر حادثات میں تین افراد جاں بحق اورلگ بھگ 65  افراد زخمی ہوگئے تھے۔

ہم نیوز کے مطابق ایک شخص کی ہلاکت کراچی کے علاقے پیپلزچورنگی کے قریب درخت گرنے سے ہوئی۔

دو تلوار کے قریب بجلی کے تین پول گر گئے ہیں۔ ایک پول قریب کھڑی گاڑی کے بونٹ پر گرا اور خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے گلبہار حاجی مرید گوٹھ میں گھر کی چھت گرنے سے پانچ سالہ بچی جاں بحق ہوگئی ہے۔ جاں بحق بچی کی شناخت  تنزیلہ کے نام سے ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں