گریڈ ایک سے 5 تک نوکری قرعہ اندازی کے ذریعے دینگے، فواد


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین چودھری نے کہا ہے کہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلیوں کو گریڈ ایک سے گریڈ پانچ تک کی نوکری کیلئے کوٹا دیا جاتا تھا تاہم اب اسے ختم کیا جا رہا ہے، اب نوکریاں کوٹا سسٹم کے بجائے قرعہ اندازی کے ذریعے دی جائیں گی۔

فواد چودھری نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ شریف فیملی کے نئے کیسزکی تفصیلات سامنےآئیں گی تولوگوں کی نیندیں اڑجائیں گی، حمزہ شہبازکے 98 فیصد اثاثہ جات ٹی ٹی پرمنحصر ہیں۔

فواد چودھری نے  آصف زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے  منی لانڈرنگ کے لیے اپنا  بینک ہی خرید لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم کے حوالے سے  کل  دوبارہ بحث ہوگی اور اس کے بعد منظوری دی جائے گی۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے  کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کو منی لانڈرنگ کے معاملات  دیکھنے کا  اختیار دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ کے مقدمات منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔نیشنل ایکشن پلان پرمکمل عملدرآمد سےہی دہشت گردی پرقابوپایا جائے گا۔  انشاء اللہ بہت جلد دہشت گردی سے نجات پا لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ  اثاثہ جات ظاہر کرنےکےمعاملے پرمزید بحث کی ضرورت محسوس کی گئی ہے، اس معاملے پرمزید بحث کل کی جائے گی۔

فواد چودھری نے کہا پاکستان پینل کوڈمیں ترمیم لائی جارہی ہےتاکہ ہم اپنے ڈاکو چوردوسرےملکوں سےواپس لائیں۔  ہمارے قانون میں سزائےموت کےباعث بہت سےملک ہمارےقیدی واپس نہیں کرتے، انہوں نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم، اسحاق ڈار، حسن اور حسین نواز پاکستان کے برطانیہ کو دیے گئے تحفے ہیں جنہیں واپس لانا ہے تاکہ وطن میں ان سے تفتیش مکمل کی جائے۔

منی لانڈرنگ کے مقدمات منطقی انجام تک پہنچیں گے،وفاقی وزیر 

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلا س میں منی لانڈرنگ پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ منی لانڈرنگ کے مقدمات منطقی انجام تک پہنچیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سلیمان شریف کے پاس سوالات کے کوئی جوابات نہیں تھے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ہم نیوز کے مطابق اجلاس میں 17 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جانا تھا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں  کرتارپور راہداری میں “پاکستانی ثقافتی مرکز” کے قیام کے لئے جگہ متعین کرنے کے معاملے پر غور شامل تھا۔

وفاقی کابینہ  نے ملک بھر میں 2020-2019 سیزن کےلئے گندم کی خریداری کی منظوری دینے  کا فیصلہ بھی کرنا تھا۔

چیئرمین فیڈرل لینڈ کمیشن کی تقرری کی منظوری، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی ڈیپوٹیشن مدت میں توسیع جبکہ چئیرمین اوگرا اور ممبران کی تنخواہ کے حوالے سے فیصلے پر عملدرآمد کا جائزہ بھی ایجنڈے کا حصہ تھا۔

وزارتوں، ڈویژنوں میں تعیناتیوں کے لئے ریکروٹنگ و ٹیسٹنگ ایجنسی کی طرف سے ہائرنگ کے طریقہ کار کا جائزہ ،جبکہ صوبائی کاوئنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کو انویسٹی گیشن اینڈ پراسیکیوشن ایجنسی بنانے کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل تھی۔

مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ میں کوئی تبدیلی نہیں ہو رہی،فواد چوہدری

کابینہ اجلاس میں چئیرمین فیڈرل بورڈ آف ایجوکیشن کی ڈیپوٹیشن میں توسیع کی منظوری پر غور  بھی کیا جانا تھا۔

وفاقی کابینہ کو ملک میں رائج نظام تعلیم و تعلیمی اصلاحات پر بریفنگ دی جانی تھی۔ وزارت تعلیم و تربیت کی طرف سے  ملک میں یکساں نظام تعلیم رائج کرنے کے حوالے سے تجاویز بھی ایجنڈے کا حصہ تھیں۔

کابینہ اجلاس میں دبئی میں جرم کے مرتکب نعمان حنیف کو یو اے ای حکومت کو حوالے کرنے کی منظوری پر جبکہ انفارمیشن کمیشن کی تنخواہ اور مراعات کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ تھی۔

کابینہ نے  متروکہ وقف املاک بورڈ کے ننکانہ صاحب ،سندھ اور گلگت بلتستان میں تین ایڈیشنل ممبران کی تعیناتی کی منظوری بھی دینا تھی۔

کابینہ نے پاکستان اسٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کےلئے ڈپٹی ڈی جی فنانس کی ڈیپوٹیشن پر تعیناتی کی منظوری، بلغاریہ اور پاکستانی نیشنل میوزیم آف نیچرل ہسٹری کے درمیان مفاہمتی یادداشت کی منظوری پر بھی غور کرنا تھا۔

کابینہ نے  ملک میں موجود وفاقی حکومت کی خالی جائیدادوں کو فروخت کرنے کا جائزہ  بھی لینا تھا۔

اس کے علاوہ کابینہ  اجلاس میں پاک بوسنیا جوائنٹ اکنامک کمیشن کے قیام کے پیشگی فیصلہ کی منظوری اورچیئرمین پی ٹی وی بورڈ کی نامزدگی اور گزشتہ فیصلوں کی منظوری  بھی  دی جانی تھی۔

’جن کو حکومت ہی قرعہ اندازی میں ملی ہو وہ اور کر بھی کیا سکتے ہیں‘

فواد چوہدری کی پریس بریفنگ کے ردعمل میں صوبائی وزیر محمد اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ جن کو حکومت ہی قرعہ اندازی میں ملی ہو وہ اور کر بھی کیا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب یقین ہوگیا کہ خان صاحب کو وزیراعظم کی کرسی بھی قرعہ اندازی میں ملی ہے۔ آگے چل کر حکومت کہے گی کہ لوگ شادیاں بھی قرعہ اندازی پر کریں۔

محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو نوکریاں دینا ہی نہیں چاہتی اسی لیے روز نئے تجربے اور بیان جاری کیے جارہےہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے حکومت ٹوئٹ پر چلائی جارہی تھی اب نوکریاں قرعہ اندازی میں دی جائیں گیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خان صاحب اگر آپ ووٹ لیکر وزیراعظم بنتے تو عوام کے مسائل کا بھی پتا چلتا۔ آپ سے نہ ہی یہ حکومت چلے گی اور نہ ہی آپ سےعوام خوش ہیں۔


متعلقہ خبریں