وزیر اعلیٰ سندھ کی نیب آفس پیشی، فریال اور حنا ربانی کل طلب



اسلام آباد: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ  نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے سامنے پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرادیاہے، فریال تالپور اور حنا ربانی کھر کل پیش ہوں گی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نیب میں پیشی کے لیے منگل کی صبح اسلام آباد پہنچے۔ سید مراد علی شاہ کو نیب اولڈ ہیڈ کوارٹر میں طلب کیا گیا تھا۔

دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو بھی کل طلبی کا سمن جاری کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فریال تالپور کو بھی بدھ کو اولڈ ہیڈ کوارٹرز میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ فریال تالپور کو جوائنٹ وینچر کیس میں طلب کیا گیا ہے۔

منگل کو جوائنٹ وینچر کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریال تالپور کی ضمانت قبل از گرفتاری 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کر لی۔

سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور ان کے والد نور ربانی کھر کو بھی نیب نے کل بروز بدھ طلب کر رکھا ہے۔ نیب انکوائری ٹیم حنا ربانی کھر سے اثاثوں اور ذرائع آمدن سے متعلق پوچھ گچھ کرے گی۔

حنا ربانی کھر اور ان کے خاندان کے خلاف غیر قانونی اثاثے بنانے پر نیب انکوائری جاری ہے۔

محکمہ ریونیو کوٹ ادو کی جانب سے کھر خاندان کی جائیداوں کی تفصیلات نیب حکام نے پیش کر دی۔

نیب ذرائع کے مطابق حنا ربانی کھر اور ان کے والد کو دوسری بار طلب کیا گیا ہے، غیر قانونی اثاثے بنانے, دھوکہ دہی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی عوامی شکایات پر حنا ربانی کھر کے خلاف انکوائری کی جا رہی ہے۔

پراپرٹی ٹائیکون اور بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض کے بیٹے علی ملک کو بھی نیب نے آج طلب کر رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے نیب میں بیان ریکارڈ کرادیا

اس سے قبل جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سمیت دیگر بھی نیب میں پیش ہو چکے ہیں۔

اس سے قبل 25 مارچ کو وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نیب کے سامنے پیش ہوئے اور اپنا بیان ریکارڈ کرایا تھا۔ نیب نے وزیراعلیٰ سندھ کو ٹھٹھہ اور دادو شوگر ملز کیس میں ریکارڈ سمیت طلب کیا تھا۔

نیب اعلامیے کے مطابق کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم نے مراد علی شاہ سے ڈیڑھ گھنٹہ تک سوالات پوچھے۔  مراد علی شاہ کو تحریری سولنامہ بھی دیاگیا ہے ۔ مراد علی شاہ نے 2ہفتوں میں تحریری سوالنامے کا جواب جمع کرانا تھا۔

پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ ٹھٹھہ شوگر ملز کے حوالے سے بلایا گیا تھا۔ ڈیڑھ گھنٹہ نیب کے سوالات کے جوابات دیے۔ نیب کی طرف سے کیے گئے سوالات کے جوابات مناسب جوابات دے دیے۔


متعلقہ خبریں