ورلڈ کپ2019: بھارت، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ نے ٹیموں کا اعلان کردیا


اسلام آباد: انٹر نیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) کے زیر انتظام ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ2019 کیلئے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے بعد بھارت اور بنگلہ دیش نے بھی اپنی ٹیموں کا اعلان کردیا ہے۔

ورلڈ کپ 2019 30 مئی سے جولائی 14 کے درمیان انگلینڈ اور ویلز میں کھیلا جائے گا۔

ورلڈکپ 2019 کیلئے بھارت کا اسکواڈ

بھارتی کرکٹ بورڈ نے ورلڈکپ 2019 کیلئے جن 15 کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے ان میں سے سات کھلاڑی 2015 کا ٹورنامنٹ کھیل چکے ہیں۔

بھارتی ٹیم کی قیادت ویرات کوہلی کریں گے اور روہت شرما نائب کپتان ہوں گے۔ اوپنر بلے بازوں میں روہت شرما کے ساتھ شیکھر دھون شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈکپ2019 کیلئے آسٹریلیا کا اسکواڈ

کے ایل راہول، وجے شنکر، کیدر جادیو اور دنیش کارتھک بھی بلے بازوں میں شامل ہیں جب کہ وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری مہندرا سنگھ دھونی کو سونپی گئی ہے۔

آلراؤنڈرز میں رواندرا جڈیجہ اورہاردتک پانڈیا جبکہ چھال اورکلدیب یادیو بطور اسپنرٹیم میں شامل ہیں۔ فاسٹ بالرز کے طور پر بھونیشور کمار، جسپریت بمرا اور محمد شامی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کا اسکواڈ

نیوزی لینڈ نے بھی ورلڈ کپ 2019 کے لیے 15رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ کیوی ٹیم کے سب سے تجربہ کار کھلاڑی راس ٹیلر چوتھی بار ورلڈ کھیلیں گے۔ کپتان کین ولیمسن، ٹم ساؤتھی اورمارٹن گپٹل نیوزی لینڈ کی طرف سے تیسر ی بار ورلڈ کپ کھیلیں گے۔

دیگرکھلاڑیوں میں ٹام بلنڈل، کولن ڈی گرینڈہوم، ٹرینٹ بولٹ، لوکی فرگوسن، کولن منرو شامل ہیں۔ میٹ ہنری، ٹام لیتھم، جمی نیشم، ہنری نکولس، مچل سینٹنر اور اش سودھی بھی ورلڈ کپ ٹیم میں شامل ہیں۔

بنگلہ دیش کا اسکواڈ

آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور بھارت کے بعد بنگلہ دیش چوتھا ملک ہے جس نے ورلڈ کپ2019 کیلئے اپنی ٹیم کا اعلان کیا ہے۔

آئی سی سی کی ایک روزہ کرکٹ رینکنگ میں بنگلہ دیش ساتویں نمبر کی ٹیم ہے۔ ورلڈکپ 2019 میں بنگلہ دیش کا پہلا میچ 2 جون کو اوول کے میدان میں ساؤتھ افریقہ کے ساتھ ہوگا۔

ورلڈکپ2019 کیلئے مشرف مرتضیٰ کو کپتان کی ذمہ داری دی گئی ہے اور شکیب الحسن نائب کپتان ہوں گے۔  دیگر کھلاڑیوں میں تمیم اقبال، لٹن داس، سومیاسرکار، مشرف رحیم، محمد میتھن، محمداللہ ریاض، مہدی حسن مرزا، مستفیض الرحمان، روبیل حسن، محمد سیف الدین، صابر رحمان، ابوجاوید چوہدری اور مصداق حسین شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں