گیس کی قیمت میں 80 فیصد اضافہ ہونے والا ہے، مریم اورنگزیب


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا طریقہ واردات مختلف ہے، گیس کی قیمتوں میں مزید 80 فیصد اضافہ ہونے والا ہے، بجلی میں بھی اضافہ ہوگا بلکہ صارفین کے استعمال کی تمام چیزیں مہنگی ہوں گی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت جھوٹوں کا ٹولہ ہے تاہم ہمارے قائدین کا حکم ہے کہ ہم جھوٹ نہ بولیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ابھی وزراء کے پاس کارکردگی بتانے کا کچھ نہیں جھوٹ بولتے ہیں، پیٹرولیم کے وزیر کو کیوبک فٹ اور کلوواٹ کا فرق ہی معلوم نہیں، جھوٹے لوگ عوام کو آئی ایم ایف کے معاہدے کے بارے میں بتارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جب نااہل اور جھوٹا ہو تو ایسی صورتحال ہوتی ہے، خواجہ آصف اور شاہد خاقان عباسی پر الزام لگا دیا گیا کہ گیس ان کی وجہ سے مہنگی ہورہی ہے، لاڈلے وزیر مراد سعید کی وجہ سے قائمہ کمیٹی کا اجلاس نہیں ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم عوام کی نمائندگی کرتے رہیں گے، ہمیں حکومت ملی تو تب بھی حالات خراب تھے لیکن ہم روئے نہیں۔

ترجمان ن لیگ نے کہا کہ جس پارٹی کے پاس کرائے کے ترجمان ہوں گے کم از کم بات کرتے ہوئے سوچیں ضرور، نالائق حکومت دوسروں پر الزام دینا چھوڑ دیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا اپنی وزارت میں کوئی کام نہیں۔

خیال رہے کہ 27 مارچ کو وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ دیا تھا۔

وزیر پیٹرولیم نے اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا تھا کہ اوور بلنگ کے ازالے کے لئے صارفین کو اضافی وصولیاں 30 جون تک واپس کردیں گے۔

مزید پڑھیں: حکومت کا گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ

انہوں نے کہا کہ گیس کمپنیوں نے قیمتوں میں 147 فیصد اضافے کی سفارش کی ہے تاہم اضافہ کم کیا جائے گا۔

تحریک انصاف کی حکومت گیس کی قیمتوں اور مہنگائی میں اضافے کے باعث تنقید کی زد میں ہے۔

رواں ماہ کے آغاز میں پاکستان شماریات بیورو نے مہنگائی کے ماہانہ اعداد و شمار سے متعلق رپورٹ جاری کی تھی، ملک میں مہنگائی پانچ سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال مارچ 2019 میں مہنگائی کی شرح 9.4 فیصد تک پہنچ گئی، مہنگائی کی شرح میں فروری کی نسبت مارچ میں 1.4 فیصد اضافہ ہوا۔


متعلقہ خبریں