آرمی چیف نے سی ایم ایچ راولپنڈی کے نئے بلاک کا افتتاح کر دیا


راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) راولپنڈی کے نئے بلاک کا افتتاح کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق منصوبے پر 2013 میں کام شروع ہوا تھا، سی ایم ایچ راولپنڈی  میں ایک ہزار بیڈ پر مشتمل اسپتال بنایا گیا ہے۔

آئی ایس پی آرکے مطابق اسپتال میں بستروں کی سہولت ایک ہزار سے 1150 ہو گی جبکہ او پی ڈی میں یومیہ بنیادوں پر پانچ ہزار مریضوں کا علاج کیا جاسکے گا۔

یہ بھی پڑھیں: امام کعبہ کی وزیراعظم، صدر اور آرمی چیف سے ملاقاتیں

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ اسپتال صرف مسلح افواج کو ہی نہیں بلکہ شہریوں کے لیے بھی خدمات دے گا۔

واضح رہے کچھ روز قبل پاک آرمی کے چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کینسر کے عارضے میں مبتلا دو بچیوں کی سپاہی بننے کی خواہش پوری کی تھی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) نے بتایا تھا کہ لاہور سے تعلق رکھنے والی 13 سالہ جویریہ عالم اور 15 سالہ روبا رفیق نے آرمی چیف سے سپاہی بننے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر کورکمانڈر لاہور نے دونوں بچیوں سے مل کر ان کی خواہش کو پورا کیا۔ جویریہ اور روبا نے یادگار شہدا پر پھولوں کے چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

دونوں بچیوں نے آرمی میوزیم کا دورہ بھی کیا۔


متعلقہ خبریں