پولیس کے ہاتھوں بچےکی ہلاکت، آئی جی سندھ کی معافی



کراچی: پولیس کے ہاتھوں بچےاحسن کی ہلاکت پرآئی جی سندھ نےمعافی مانگ لی اور وزیراعلیٰ سندھ کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت سندھ کی ذمےداری ہے۔

احسن کی موت پرانسپکٹرجنرل پولیس (آئی جی پی) سندھ نےمعافی مانگتے ہوئے کہا کہ  پوری کوشش کریں گے آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی جانب سےکل کےواقعہ پرمعافی مانگتا ہوں،افسران سے درخواست کی ہے کہ پولیس اہلکاروں کی ٹریننگ کرائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں پولیس کی مبینہ فائرنگ سے 19 ماہ کا بچہ جاں بحق

ان کہنا تھا کہ بڑا اسلحہ ختم کردیا،چھوٹےہتھیاروں سےٹریننگ کرائیں گے، صوبے میں پولیس کی کارکردگی پہلے سے بہتر ہے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ معصوم احسن کی موت پرمعافی مانگتاہوں، ہم  چاہتے ہیں ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام اسپتالوں کو ریگولیٹ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مختلف واقعات میں ڈھائی ہزار سے زیادہ پولیس کے جوان شہید ہوئے جبکہ 53 فیصد قتل کی واردتوں میں کمی آئی ہے۔ 71 دہشت گرد اور 12 ٹارگٹ کلر گرفتار کیے۔

آئی جی سندھ کلیم امام کے مطابق صوبے میں چند سالوں کےدوران ہزاروں اہلکارزخمی ہوئے تاہم پولیس کی کارکردگی پہلے سے بہترہے۔

ہم عوام کو جواب دیں ہیں، کلیم امام

آئی جی سندھ نے کہا کہ موبائل چھینے کی وارداتوں میں بھی کمی آئی ہے، داعش کے نائب سرابرہ کا گینگ ختم کیا۔

کلیم امام کے مطابق سندھ پولیس قانون کی پاسداری کرتی ہے، ہم جو کام کرتے ہیں سندھ حکومت کی پالیسی کو فالو کرتے ہیں،  ہم عوام کو جواب دیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم جواب دیں ہیں سندھ حکومت کو بھی، میڈیا کو بھی اور عوام کو بھی، حال میں ہونے والے واقعات کو ٹریس کیا گیا ہے۔

شہریوں کا تحفظ حکومت کی ذمےداری ہے،وزیر اعلیٰ سندھ

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت سندھ کی ذمےداری ہے۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتظار کررہا تھا کہ کل کے واقعے کے خلاف پولیس خود ایکشن لے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے خلاف جن لوگوں نے ایکشن نہیں لیا ان کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، امن وامان کی خاطر پولیس اور رینجرز کے جوانوں نے قربانی دی۔

یہ بھی پڑھیں:رینجرز نے وزیراعلیٰ سندھ کو روک لیا

انہوں نے کہا کہ نشوا کے معاملے میں پولیس کی بے حسی سامنے آئی۔ والدین کو یقین دلایا کہ سندھ حکومت ان کے ساتھ ہے، ایسے اسپتالوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں پولیس کی کارکردگی پہلے سے کافی بہتر ہے لیکن ادارے میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پوری کوشش کریں گےکہ آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جن کو سزا دینی ہے ان کو سزا دیں ورنہ ہم سزا دینے والوں کو سزا دیں گے۔

واضح رہے کل مبینہ پولیس مقابلے کے دوران گولی لگنے سےایک 19 ماہ کا بچہ جاں بحق ہوگیا تھا۔ بچہ اپنے اہل خانہ کےہمراہ رکشے میں کہیں جارہا تھا کے اچانک کسی سمت سے آنے والی گولی کا شکار ہوگیا۔

دوسری جانب کراچی کے نجی اسپتال دارالصحت میں کچھ روز قبل دوا کی زائد مقدار کے باعث بچی نشوا معذور ہوگئی تھی۔ بعد ازاں اس کے والد کو مبینہ دھمکیوں کی خبریں بھی سامنے آئیں تھیں۔


متعلقہ خبریں