وزیراعلیٰ سندھ کی پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہونیوالے بچے کے اہل خانہ سے تعزیت


کراچی: وزیراعلیٰ سندھ  مراد علی شاہ نے پولیس کی مبینہ فائرنگ سے ہلاک ہونے والے 19 ماہ کے احسن کے والدین اور اہل خانہ سے ان کی رہائش گاہ پر تعزیت کی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ  احسان شیخ کے گھر پہنچے، بچے کے والد اور دیگر فیملی ممبران سے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ  معصوم کی جان جانے سے دلی صدمہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی ماں کی گود اجڑ جائے یہ میرے لیے شدید تکلیف کا باعث ہے۔ بچے کے والد نے وزیراعلیٰ سندھ کو پورے واقعہ کے حوالے سے آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پولیس کے ہاتھوں بچےکی ہلاکت، آئی جی سندھ کی معافی

وزیراعلیٰ سندھ نے مرحوم بچے کے والد کو یقین دہانی کرائی کہ آپ کے ساتھ انصاف ہوگا، یہ پولیس کی تربیت کے فقدان کا نتیجہ ہے۔

واضح رہے شہر قائد میں پولیس کی مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں 19 ماہ کا بچہ جاں بحق ہوگیا ہے۔ ہم نیوز کے مطابق بچے کی شناخت احسن کے نام سے ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: مبینہ پولیس مقابلہ، فائرنگ کی زد میں آکر میڈیکل کی طالبہ جاں بحق

والد کاشف کا کہنا ہے کہ وہ رکشے میں جارہے تھے کہ پولیس کو فائرنگ کرتے دیکھا۔

سچل تھانے کی حدود میں پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے والد نے کہا کہ تھوڑی دیر بعد بچے کے جسم سے خون بہتے دیکھا جس کے بعد فوری طور پر اسے اسپتال منتقل کیا۔

ذرائع کے مطابق بچہ سینے میں گولی لگنے کی وجہ سے انتقال کرگیا۔

 واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور پولیس اہلکاروں کا بیان 

پولیس اہلکاروں نے ڈاکؤوں سے فائرنگ کے تبادلے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ سی سی ٹی وی کے مناظرکچھ اورہی دکھا رہے ہیں۔

سی سی ٹی وی فوٹیج اورعینی شاہد کے بیان نے پولیس اہلکاروں کا بیان مشکوک بنا دیا ہے۔ خالد بیکرز اوراطراف میں صورتحال معمول کے مطابق دیکھائی دے رہی ہے۔

فوٹیج میں نظرآنے والے سیکیورٹی گارڈ کا بیان بھی ہم نیوز نےحاصل کرلیا ہے۔

عینی شاہد سیکیورٹی گارڈ عاشق علی کا کہنا ہے کہ صرف ایک گولی چلنےکی آوازآئی پھر سب معمول ہوگیا، آوازسن کرچونک گیا لیکن جب اطراف میں ہلچل نہ دیکھی تو بیٹھ گیا۔

عاشق علی کے مطابق سڑک پربھی پولیس مقابلہ ہوتے نہیں دیکھا ، کچھ دیربعد پولیس آئی اوربچے کو گولی لگنے کے بارے میں معلومات کرنے لگی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس، ایڈیشنل آئی جی سے رپورٹ طلب

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی تھی۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات افسوس ناک ہیں۔ انہوں نے متاثرہ فیملی سے گہرے افسوس کا اظہار بھی کیا۔

دوسری جانب آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے ڈی آئی جی ایسٹ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔


متعلقہ خبریں