وزیراعظم نے معائنہ کمیشن کو اہم ذمہ داری سونپ دی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے معائنہ کمیشن کو اہم ذمہ داری سونپ دی۔ کمیشن کے سربراہ احمد یار حراج نے گیس کے ضیاع کے معاملے پر کام شروع کردیا۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ پاکستان میں دس فیصد سے زائد گیس مختلف وجوہات کی وجہ سے ضائع ہورہی ہے جبکہ دنیا بھر میں گیس دو فیصد سے زائد ضائع نہیں ہوتی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان میں گیس کی دونوں کمپنیاں 150 ارب سے زائد کے خسارے میں ہیں، معائنہ کمیشن تین اداروں کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کر چکا ہے۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی، اوپی ایف ہاؤسنگ اسکیم اور اسپورٹس بورڈ کی رپورٹس وزیراعظم کو دی جاچکی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ معائنہ کمیشن کی رپورٹس اداروں میں اصلاحات کے لیے استعمال ہورہی ہیں، کمیشن نے ان اداروں میں اہم تحقیقات کیں۔

مزید پڑھیں: حکومت کا گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ

وزیراعظم عمران خان نے معائنہ کمیشن کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت گیس کی قیمتوں میں اضافے کے باعث اپوزیشن اور عوامی حلقوں کی جانب سے تنقید کی زد میں ہے۔

اس کے باوجود 27 مارچ کو وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ دیا تھا۔

وزیر پیٹرولیم نے اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا تھا کہ اوور بلنگ کے ازالے کے لئے صارفین کو اضافی وصولیاں 30 جون تک واپس کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گیس کمپنیوں نے قیمتوں میں 147 فیصد اضافے کی سفارش کی ہے تاہم اضافہ کم کیا جائے گا۔

نہ صرف گیس بلکہ موجودہ دور حکومت میں اشیائے خوردنوش سمیت دیگر چیزوں کی قیمتیں بڑھتی ہوئی محسوس ہورہی ہیں۔

رواں ماہ کے آغاز میں پاکستان شماریات بیورو نے مہنگائی کے ماہانہ اعداد و شمار سے متعلق رپورٹ جاری کی تھی، ملک میں مہنگائی پانچ سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔


متعلقہ خبریں