نیب نے تین کیسز میں حمزہ شہباز کیخلاف جوابات جمع کروادیے


قومی احتساب بیورو (نیب) نے رمضان شوگر ملز کیس، صاف پانی کمپنی کیس اور منی لانڈرنگ کیس میں پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کے خلاف جوابات لاہور ہائی کورٹ میں جمع کروادیے ۔

جواب میں کہا گیا ہے کہ شہباز فیملی کو وراثت میں ایک شوگر ملی  لیکن حمزہ شہباز نے بھائی اور والدہ کے ساتھ مل کر 11 فیکٹریاں لگا لیں، حمزہ کے پاس ان اثاثوں کے ذرائع کا کوئی جواب نہیں۔

جواب میں کہا گیا ہے کہ ان ذرائع کو خفیہ رکھنے کیلئے منی لانڈرنگ بھی کی گئی۔ حمزہ شہباز اپنے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر ہونے والے 18 کروڑ روپے کا سراغ نہیں دے سکے۔

نیب کے مطابق حمزہ شہباز نے اختیارات سے تجاوز کیا۔ بنا کسی عہدے کے صاف پانی کمپنی کے اجلاسوں کی صدارت کی اور منصوبے کے ٹھیکوں پر اثر انداز ہوئے۔

نیب کے مطابق رمضان شوگر ملز کے فائدے کےلئے غیر قانونی نالہ تعمیر کرایا۔

یورپین ایشین ٹریڈنگ کارپوریشن کی تفصیلات میں نیب نے بتایا کہ سلمان شہباز اور ربیعہ عمران کارپوریشن کے شئیرہولڈرز ہیں۔

اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کی عبوری ضمانت میں 25 اپریل تک توسیع کردی۔

لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی تین کیسز میں درخواست ضمانت پر لاہور ہائیکورٹ میں آج دوبارہ سماعت ہوئی۔ حمزہ شہباز لاہور ہائیکورٹ  پہنچے تو کارکنوں کی دھکم پیل کے مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔ پولیس اہلکاروں نے کارکنوں کو ہائیکورٹ کے اندر جانے سے روک دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے آمدن سے زائد اثاثوں، رمضان شوگر ملز اور صاف پانی کیس  میں نیب كو حمزہ شہباز کی گرفتاری سے روک رکھاہے ۔

یہ بھی پڑھیں:لاہور ہائیکورٹ نے نیب کو حمزہ شہباز کی گرفتاری سے روک دیا

عدالت نے تینوں كیسز میں آج نیب سے جواب طلب کر رکھا ہے اورتینوں کیسز میں حمزہ شہباز کی ایک ایک کروڑ کے مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کر رکھی ہیں۔

جسٹس شہزاد احمد خان اور جسٹس وقاص روف پر مشتمل بنچ کے روبرو حمزہ شہباز کے وکلا اعظم نذیر تارڑ اورامجد پرویز پیش ہوئے ۔

حمزہ شہباز کے گھر نیب کی جانب سے چھاپہ مارنے کے خلاف درخواست  کی سماعت بھی ہوئی ۔

حمزہ شہباز نے درخواست میں موقف اختیار کیاہے کہ نیب نے گھر پر موجود خواتین کو ہراساں کیا ،ڈی جی نیب شہزاد سلیم اور ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری اصغر کےخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 25اپریل تک ملتوی کردی۔


متعلقہ خبریں