طوفانی بارشوں کا سلسلہ تھم گیا، چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق



اسلام آباد: ملک بھر میں جاری طوفانی بارشوں کا سلسلہ تھم گیا۔ ملک کے بیشتر حصوں میں آج موسم خشک جب کہ میدانی علاقوں گرم میں رہے گا۔

ملک بھر میں گزشتہ چار روز سے جاری طوفانی باشوں کے باعث موسم سرد ہو گیا تاہم آج جڑواں شہروں سمیت پنجاب بھر میں سورج اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ چمک رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو ملک بھر میں موسم خشک رہے گا جب کہ گلگت بلتستان، کشمیر سمیت بالائی علاقوں اور پہاڑوں پر تیز ہواؤں اور گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ بالائی پنجاب میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نصیر آباد ظفر بلوچ کے مطابق کوہ سلیمان سے آنے والے سیلابی پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے جب کہ سیلابی پانی ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے ربیع کینال کے ریگولیٹر کے اوپر تک پہنچ گیا۔

سیلابی پانی سے اوچ پاور پلانٹ کے زیر آب آنے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ اوچ پاور پلانٹ سے نہ صرف بلوچستان بلکہ نیشنل گریڈ کو بھی بجلی فراہم کی جاتی ہے تاہم ضلعی انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی کا عملہ بھاری مشینری کے ساتھ موقع پر الرٹ ہے۔

ظفر بلوچ کے مطابق سیلابی پانی گزشتہ روز لہڑی بختیار آباد سے نوتال میں داخل ہوا تھا۔

جمعہ کو ملک بھر میں موسم خشک اور گرم رہے گا، محکمہ موسمیات

گزشتہ روز بدھ کو بھی ملک بھر میں گرچ چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا اور سارا دن سورج بادلوں میں ہی چھپا رہا جب کہ برساتی نالوں میں طغیانی کی صورتحال برقرار رہی۔ چار روز سے جاری بارشوں کے باعث گندم کی ہزاروں ایکڑ فصل تباہ ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں ملک بھر میں بارشیں: 49 افراد ہلاک، 176 زخمی ہوئے، این ڈی ایم اے

گزشتہ شب خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں بارش کی وجہ سے مکان کی چھت گر گئی جس کی وجہ سے دو خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 55 سالہ ستانہ گل، انور بی بی اور 3 سالہ بچی کلثوم بی بی شامل ہیں جب کہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش اسلام آباد 71 ملی میٹر، گوجرانوالہ 63 ملی میٹر، مالم جبہ 57 ملی میٹر، لاہور 47 ملی میٹر، راولپنڈی 34 ملی میٹر، چکوال 45 ملی میٹر، منڈی بہاؤ الدین، جہلم 43 ملی میٹر، جنگ، قصور، گجرات 38 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بدھ کو سب سے زیادہ گرمی سندھ کے علاقہ مٹھی 36 ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ بلوچستان کے علاقہ لسبیلہ اور تربت میں 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ چار روز میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث ملک بھر میں 49 افراد جاں بحق اور 176 زخمی ہو گئے۔


متعلقہ خبریں