وفاقی پولیس کے 900میں سے 40اہلکاروں میں ہیپاٹائٹس کی تشخیص



اسلام آباد کے پولیس لائن ہیڈ کواٹر  میں وزارت صحت کی جانب سے لگائے گئے اسکریننگ کیمپ میں وفاقی پولیس اہلکاروں سے لئے گئے خون کے 900 نموںوں میں سے 40 میں ہیپاٹائٹس کی تشخیص ہوئی ہے۔
اسلام آباد کے پولیس لائن ہیڈ کواٹر میں وزارت صحت کی جانب سے لگائے گئے اسکریننگ کیمپ میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔
ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کی رپورٹ کے مطابق 900 پولیس ملازمین میں سے 40 سے حاصل کیے گئے خون کے نمونوں میں ہیپاٹائٹس مثبت نکل آیا ہے۔

ہم نیوز نے متاثرہ اہلکاروں کی اسکریننگ کے نتائج حاصل کر لیے ہیں۔  رپورٹ کے مطابق متاثرہ اہلکار اسپیشل برانچ،اور ہیڈکواٹر میں تعینات ہیں۔

اسکریننگ ٹیسٹ میں نتائج مثبت آنے کے بعد سکریننگ کرنے والے تمام عملے کو محتاط رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔پولیس اہلکاروں میں مہلک بیماری ہیپائٹس کے رزلٹ مثبت آنے پر وزیر صحت اور آئی جی اسلام آباد کو بھی تشویش لاحق ہوئی ہے۔

عامر کیانی نے کہاہے کہ اس صورتحال میں تشویش تو ہے مگر اس بات کا اطمینان ہے کہ بروقت حکومت نے فیصلہ کیا ہے ان موذی امراض کی نشاندہی ہو سکے کیونکہ اب ان امراض کا علاج نا ممکن نہیں ہے۔حکومت علاج بھی کرائے گی اور ادویات بھی فراہم کریگی۔

متاثرہ پولیس اہلکاروں کے خاندان کی اسکریننگ کے علاوہ مہلک مرض میں مبتلاء اہلکاروں کے پی سی آر کے لیے ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔

ہیپاٹائٹس پروگرام کے سربراہ عنصر چوہدری نے کہاہے کہ جن پولیس اہلکاروں کے ٹیسٹ مثبت آ رہے ہیں انہیں مزید اسکریننگ کے لیے سیکٹر جی سیون میں قائم اسکریننگ سینٹر میں بھیجا جا رہا ہے جہاں ان پولیس اہلکاروں اور ان کے خاندان کی جدید مشینری پر دوبارہ تشخیص کی جاتی ہے ۔اس کے بعد ان کا علاج شروع کیا جاتا ہے۔

محکمہ پولیس کی جانب سے لگائے گئے اسکریننگ کیمپ کا افتتاح 10 اپریل کو وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی اور وزیر صحت عامر کیانی نے کیا ۔  موبائل کیمپ تین دن پولیس ہیڈ کوارٹر، دو روز اسلام آباد ٹریفک پولیس اور اب سپیشل برانچ میں لگایا گیا ہے۔ کیمپ میں ہیپاٹائٹس،ٹی بی اور ذیابیطس سمیت دیگر موذی امراض کے لیے  اسکریننگ کی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:وفاقی پولیس کے 50 فیصد سے زائد اہلکار عمر رسیدہ

یاد رہے  آئی جی اسلام آباد پولیس ذوالفقار خان نےاسکریننگ کیمپ کی افتتاحی تقریب میں  انکشاف کیا تھا کہ اسلام آباد پولیس میں 50 فیصد فورس کی عمر 50 سال سے اوپر ہے۔

اسلام آباد پولیس میں ضعیف اور بیمار افسران و اہلکاروں کو مد نظر رکھتے ہوئے پولیس لائن میں افسران اور اہلکاروں کی سہولت کے لئے ہیپاٹائٹس اے، بی اور سی اور ٹی بی کی تشخیص کے لیے میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا گیا۔


متعلقہ خبریں