ورلڈ کپ: محمد عامر اسکواڈ کا حصہ نہیں


لاہور: چیف سیلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈ کپ 2019 کی 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا جس میں فاسٹ بولر محمد عامر جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اسکواڈ میں فخر زمان، امام الحق، عابد علی، بابر اعظم، شعیب ملک، حارث سہیل، محمد حفیظ، سرفراز احمد، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، جنید خان اور محمد حسنین شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 15 رکنی اسکواڈ میں گیارہ کھلاڑی وہی ہیں جنہوں نے انگلینڈ میں ہی چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی حاصل کی تھی۔

ایک سوال کے جواب میں انضمام الحق نے کہا کہ عامر اگر فارم میں آجائے تو ٹیم کے لیے بہت اچھا ہے، چیمپئنز ٹرافی میں اسی نے انڈیا کے خلاف ابتدائی اوورز میں ہی میچ جتوادیا تھا، عامر کو انگلینڈ کے خلاف موقع دیا جارہا ہے۔

انضمام الحق نے کہا کہ فخر زمان  اور امام الحق کے ساتھ عابد علی بطور تیسرے اوپنر ٹیم میں شامل کرلیے گئے ہیں۔ سرفراز احمد ٹیم  کی قیادت کریں گے۔

محمد عامر اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے تاہم انہیں انگلینڈ سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

چیف سیلیکٹر نے بتایا کہ محمد حفیظ کی اسکواڈ میں  شرکت فٹنس سے مشروط ہے۔

ورلڈ کپ 2019 کا آغاز 30 مئی کو ہو رہا ہے جو 14 جولائی 2019 تک جاری رہے گا

یہ ٹورنامنٹ 1992 ورلڈ کپ کی طرح راؤنڈ رابن اور ناک آؤٹ فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں پوری کوشش کریں گے ورلڈ کپ میں اچھا پرفارم کریں، سرفراز

میگا ایونٹ میں پاکستانی ٹیم 31 مئی سے اپنے سفر کا آغاز کرے گی اور اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی جب کہ تین جون کو گرین شرٹس کا مقابلہ میزبان انگلینڈ سے، سات جون کو سری لنکا سے اور 12 جون کو آسٹریلیا سے ہو گا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کا روایتی حریف بھارت سے ٹاکرا 16 جون کو اولڈ ٹریفورڈ میں ہو گا۔ شاہین 23 جون کو جنوبی افریقا، 26 جون کو نیوزی لینڈ، 29 جون کو افغانستان اور 5 جولائی کو بنگلہ دیش سے مقابلہ کریں گے۔

کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے فائنل مقابلے کا میدان 14 جولائی کو لارڈز میں سجے گا۔

30 مئی سے 14 جولائی 2019 تک ہونےوالا ٹورنامنٹ 1992 ورلڈ کپ کی طرح راؤنڈ رابن اور ناک آؤٹ فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا۔


متعلقہ خبریں