بلوچستان دہشتگردی میں بیرونی ہاتھ ملوث ہوا تو سامنے لائیں گے، پاکستان



اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بیرونی ہاتھ ملوث ہوا تو سامنے لائیں گے جب کہ وزیر اعظم 21 اپریل کو ایران کے دو روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان 21 اور 22 اپریل کو ایران کا دو روزہ دورہ کریں گے۔ جس میں وہ ایرانی صدر سمیت اعلیٰ ایرانی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم 25 اپریل کو اہم وزرا کے ہمراہ چین روانہ ہوں گے۔ وزیر اعظم روڈ اینڈ بیلٹ کانفرنس میں شرکت کے علاوہ چینی صدر اور وزیر اعظم سے بھی دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بلوچستان میں اس سے پہلے ہونے والی دہشت گردی میں بھارت ملوث تھا جسے ہم دنیا کے سامنے لائے اور آج بھی اگر کوئی بیرونی ہاتھ ملوث ہو گا تو ہم سامنے لائیں گے۔ آج بھی جہاں دہشت گردی ہو رہی ہے وہیں سے بھارتی جاسوس کلبھوشن کو پکڑا گیا تھا۔

طالبان مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ پاکستان نے افغان مفاہمتی عمل کے لیے ہر اقدام کی حمایت کی اور اسی جذبے کے تحت پاکستان نے ابوظہبی اور دوحا میں مذاکرات کے لیے سہولت فراہم کی جب کہ پاکستان دوحا میں ہونے والے مذاکرات میں پہلے بھی موجود نہیں تھا۔

 سہیل محمود نے سیکرٹری دفتر خارجہ کے عہدے کا چارج سنبھال لیا، ترجمان دفتر خارجہ

مقبوضہ کشمیر سے متعلق بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور مختلف علاقوں میں مزید 4 کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں 54 افراد سے تفتیش کی، پلوامہ حملہ کا الزام ثابت نہیں ہوا، دفتر خارجہ

انہوں نے ترکی میں جاں بحق ہونے والے زرک ظیر کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دفتر خارجہ نے زرک ظہیر کے بھائی کے ویزہ میں مدد کی جب کہ لواحقین کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جا رہا ہے۔

لیبیا سے متعلق بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ لیبیا میں خانہ جنگی کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف واضح ہے جب کہ لیبیا مسئلے کا حل مذاکرات اور بات چیت سے ہی ممکن ہے۔


متعلقہ خبریں