اسد عمر نے وزارت خزانہ چھوڑ دی، کوئی عہدہ نہ لینے کا اعلان



اسلام آباد: اسد عمر نے وزارت خزانہ چھوڑنے اور کابینہ میں کوئی بھی عہدہ نہ لیے کا اعلان کر دیا ہے۔

اسد عمر نے یہ بات سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی۔ اسد عمر نے لکھا کہ وزیر اعظم کی خواہش ہے میں وزارت خزانہ چھوڑ کر وزارت توانائی لے لوں۔

اسد عمر نے وزارت خزانہ کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ کابینہ میں کوئی بھی عہدہ نہیں لیں گے۔

سینئر تجزیہ کار محمد مالک نے کہا کہ اسد عمر نے غلط فیصلہ نہیں کیا لیکن انہوں نے فیصلہ دیر سے کیا۔ شاید اسد عمر نے زمینی حقائق کو درست نہیں سمجھا اور وہ سیاست کو اس طرح نہیں سمجھ سکے جس طرح سیاست کو سمجھ رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں آئی ایم ایف پروگرام پر اتفاق ہو گیا،ابھی تفصیلات نہیں بتاسکتا،اسد عمر

تجزیہ کار عامر ضیا نے کہا کہ گزشتہ تین چار ماہ سے یہ صورتحال نظر آ رہی تھی کہ اسد عمر معیشت کو سنبھالنے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے پہلا منی بجٹ دیا اس میں ناکام رہے اس کے بعد پھر بجٹ دیا اس میں بھی ناکام نظر آ رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اسد عمر ٹیکس ایمنسٹی اسکیم لانا چاہ رہے تھے لیکن اس میں بھی ناکام رہے۔ تحریک انصاف نے پاکستان کو بند گلی میں لا کھڑا کیا ہے۔

سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ نون کے رہنما محمد زبیر نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان تحریک انصاف کو گزشتہ 22 سال میں سب سے بڑا دھچکا ہے۔ عمران خان نے عوام کو جو خواب دکھائے تھے وہ تو چکنا چور ہونا ہی تھے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ اسد عمر کا استعفیٰ دینا اس بات کا اظہار ہے کہ موجودہ حکومت فیل ہو گئی ہے اور یہ واحد وزیر تھا جو انتہائی قابل تھا۔

انہوں نے کہا کہ اسد عمر پاکستان کو بہت نقصان پہنچانے کے بعد الگ ہوئے لیکن اس کا سارا قصور عمران خان کا ہے۔ وزیر اعظم میں ملک چلانے کی صلاحیت نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں