حفیظ شیخ خزانہ، ریونیو اور اقتصادی امور کے مشیر مقرر، نوٹیفیکیشن جاری


اسلام آباد: ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو خزانہ، ریونیو اور اقتصادی امور کا مشیر بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن فوری طور پر نافذالعمل ہوگا جس کے مطابق عبدالحفیظ شیخ کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا۔

ذرائع کے مطابق مشیر خزانہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 308 کے ذریعے دبئی سے پاکستان پہنچ گئے۔

دوسری جانب صدر مملکت عارف علوی نے اسد عمر کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔

گزشتہ روز اسد عمر کے بطور وزیر خزانہ استعفے کے بعد عبدالحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ بنادیا گیا تھا۔

ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا قلمدان تبدیل کردیا گیا ہے اور انہیں سائنس اور ٹیکنالوجی کا وزیر بنادیا گیا۔

اسی طرح غلام سرور خان کو وفاقی وزیر ایوی ایشن جبکہ اعجاز شاہ کو وفاقی وزیر داخلہ بنادیا گیا۔

شہریار آفریدی کو وزیر مملکت برائے سیفران جبکہ ڈاکٹر ظفر اللہ مرزا کو معاون خصوصی برائے وزارت صحت بنادیا گیا۔

فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی برائے اطلاعات، ندیم بابر معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ڈویزن جبکہ اعظم سواتی کو وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور بنادیا گیا۔

واضح رہے کہ اسد عمر نے آج 2بج کر 9منٹ پر اعلان کیا کہ وہ وزارت خزانہ چھوڑنے اور کابینہ میں کوئی بھی عہدہ نہ لینے کا اعلان کیا۔

اسد عمر نے یہ یہ اعلان سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کیا۔ اسد عمر نے لکھا کہ وزیر اعظم کی خواہش ہے میں وزارت خزانہ چھوڑ کر وزارت توانائی لے لوں۔

اسد عمر نے وزارت خزانہ کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ کابینہ میں کوئی بھی عہدہ نہیں لیں گے۔

سینئر تجزیہ کار محمد مالک نے کہا کہ اسد عمر نے غلط فیصلہ نہیں کیا لیکن انہوں نے فیصلہ دیر سے کیا۔ شاید اسد عمر نے زمینی حقائق کو درست نہیں سمجھا اور وہ سیاست کو اس طرح نہیں سمجھ سکے جس طرح سیاست کو سمجھ رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیے:اسد عمر نے وزارت خزانہ چھوڑ دی، کوئی عہدہ نہ لینے کا اعلان

تجزیہ کار عامر ضیا نے کہا کہ گزشتہ تین چار ماہ سے یہ صورتحال نظر آ رہی تھی کہ اسد عمر معیشت کو سنبھالنے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے پہلا منی بجٹ دیا اس میں ناکام رہے اس کے بعد پھر بجٹ دیا اس میں بھی ناکام نظر آ رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اسد عمر ٹیکس ایمنسٹی اسکیم لانا چاہ رہے تھے لیکن اس میں بھی ناکام رہے۔ تحریک انصاف نے پاکستان کو بند گلی میں لا کھڑا کیا ہے۔


متعلقہ خبریں