ایبٹ آباد: اسکول میں بچی پر تشدد، ٹیچر معطل


ایبٹ آباد: گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول کریم پورہ ایبٹ آباد میں بچی پر تشدد کرنے پر اسکول ٹیچر کو معطل کردیا گیا۔

تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں ٹیچر بچی کو بالوں سے پکڑ کر کھینچ رہی ہے۔

فی میل ڈی ای او نے غلط بیانی سے کام لیتے ہوئے کہا کہ  بچی پر تشدد کرنے والی اس کی ماں ہے۔

مشیر تعلیم خیبرپختونخوا(کے پی) ضیاء اللہ خان بنگش نے بتایا کہ فی میل ڈی ای او اور سکول ٹیچر کو معطل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکول میں بچوں پر تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔

مشیر تعلیم نے کہا کہ بچی پر تشدد کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

بچوں پر اسکولوں  میں تشدد کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں۔ اس سے قبل ایسے کئی واقعات پیش آچکے ہیں جبکہ ملتان اور لاہور میں آنے والے اس طرح کے واقعہ نے سب کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔

صوبے پنجاب کے شہر ملتان اور لاہور میں اساتذہ کے تشدد سے ایک طالبعلم ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا تھا۔ ایک واقعہ لاہور کے مدرسے جبکہ دوسرا واقعہ ملتان کے سرکاری اسکول میں پیش آیا تھا۔

ہم نیوزکے مطابق لاہورمیں استاد کے مبینہ تشدد سے جاں بحق بچے کے ورثا نے لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا تھا۔ مظاہرین کا کہنا تھا انصاف نہ ملا تو دوبارہ سڑکوں پر آئیں گے۔ جس کے بعد ایس پی کینٹ نے واقعے کا نوٹس لے لیا تھا۔

باغبان پورہ کے ایک مدرسے میں زیرتعلیم ضلع گجرات کے جنید کے والدین اور رشتہ دار احتجاج کے لیے پریس کلب کے باہر پہنچے تھے اور سات سالہ طالب علم کی لاش سڑک پر رکھ کر شدید نعرے بازی کی تھی۔

ملتان میں گورنمنٹ اسکول کے اساتذہ نے طالبعلم کو اس بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا

اسی طرح ملتان میں ایک گورنمنٹ اسکول کے اساتذہ نے طالبعلم کو اس بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا تھا کہ طالبعلم شدید زخمی ہوگیا تھا۔

والدین نے الزام عائد کیا تھا کہ دسویں جماعت کے طالبعلم محمد احمر کو پرنسپل آفس میں تین اساتذہ نے تشدد کا نشانہ بنایا اور تشدد کے بعد باندھ کر بیہوشی کی حالت میں جھاڑیوں میں پھنک دیا گیا۔

والدین کے مطابق 500 روپے کا الوداعی پارٹی فنڈ نہ دینے پر احمر کو ڈنڈوں اورلاتوں سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ جب بچے کو لینے کے لیے اسکول گئے تو اندر نہ جانے دیا گیا۔

متاثرہ بچے کے والد نے بتایا تھا کہ بچے کو باندھ کر جھاڑیوں میں پھینکا ہوا تھا۔ ہوش میں آنے پر احمر چیختا رہا کہ استاد مجھے جان سے مار دیں گے۔ اساتذہ کے ہولناک تشدد سے احمر دماغی طور پر سہما ہوا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ استاد نما حیوانوں کو سخت سزا دی جائے۔


متعلقہ خبریں