وزیر خزانہ کی تبدیلی کا فیصلہ وزیراعظم کا ہے، علی نواز اعوان



اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما علی نوازاعوان کا کہنا ہے وزیراعظم عمران خان نے اسدعمر کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، انہیں شاید اسدعمر سے زیادہ توقعات تھیں۔

پروگرام نیوزلائن میں میزبان ڈاکٹرماریہ ذوالفقار سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما علی نواز اعوان نے کہا کہ اسدعمرنے دن رات کام کیا، پاکستانی معیشت بحران میں تھی انہوں نے اسے وہاں سے نکالا، وہ میرٹ پرکام کرتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیرخزانہ کی تبدیلی کا فیصلہ وزیراعظم کا ہے، وہ معیشت کو شاید دوبارہ سے بحال کرنا چاہتے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں جس جذبے سے کام کرنا چاہیے تھا ویسا نہیں ہوا۔

علی نواز نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن کے ساتھ ہرممکن تعاون کی کوشش کی ہے، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کے معاملات پر تعاون کیا لیکن یہ ہمارے ساتھ نہیں چلے۔

عمران خان پارٹی چلائیں، وزیراعظم کسی اور کوبننے دیں، بہرا مند تنگی

پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر بہرا مند تنگی نے کہا کہ یہ بجٹ آئی ایم ایف کا ہوگا اور یہ بات آج اسدعمر نے تسلیم کرلی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جو بھی پالیسی بنتی ہے وہ وزیراعظم کی مرضی سے بنتی ہے،ملک کی معیشت اورخارجہ پالیسی پررحم کریں اورعمران خان کسی اور کووزیراعظم بنائیں۔

سینیٹر بہرا مند تنگی نے کہا وزیراعظم اپنے وزیرکو نکالنے کی وضاحت کریں۔

اصل مسئلہ حکومت کی معاشی پالیسیاں ہیں، مریم اورنگزیب

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ نالائقی کا بوجھ دوسروں پر نہیں ڈالا جاسکتا، ردوبدل سے کچھ نہیں ہوگا،حکومتی معاشی ٹیم کے بہت سارے لوگ چھوڑ کرچلے گئے کیونکہ ان کی معاشی پالیسیاں ٹھیک نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیرخزانہ کے جانے سے کچھ نہیں ہوگا، وہ جو کچھ کررہے تھے وہ وزیراعظم کی مرضی سے کررہے تھے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے روزانہ سولہ ارب روپے قرضہ لیا ہے، ہم نے قرضہ لیا تھا لیکن ملک میں ترقی ہوئی تھی۔

ڈاکٹر حفیظ شیخ واشنگٹن کے پسندیدہ ہیں،نہال ہاشمی

مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی نے کہا کہ وزیرخزانہ کہتے تھے عوام کی چیخیں نکلیں گی، اب دیکھ لیں کس کی چیخیں نکل رہی ہیں، ڈاکٹر حفیظ شیخ واشنگٹن کے پسندیدہ ہیں، انہوں نے ماضی میں کچھ ڈیلیور نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا تحریک انصاف میں ایک شخص بھی ایسا نہیں ہے جو وزیرخزانہ بنتا، اس کی ذمہ داری وزیرخزانہ پر نہیں بلکہ وزیراعظم پرعائد ہوتی ہے۔

نہال ہاشمی نے کہا کہ عمران خان کی دشمنی میں ملک کونقصان نہیں پہنچانا چاہتے، ہرموقع پراپوزیشن نے حکومت کا ساتھ دیا ہے لیکن یہ اپوزیشن کو دشمن گردانتے ہیں۔


متعلقہ خبریں