تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو قانون کے تابع بنانا ہے، بلاول


کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو قانون کے تابع بنانا ہے۔

قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پولیس مقابلے صرف سندھ نہیں پورے ملک کا مسئلہ ہے، کمیٹی نے کراچی میں پولیس مقابلے میں بچے کی ہلاکت کا نوٹس لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معزور افراد کے لئے سندھ حکومت کی طرز پر وفاق میں قانون سازی پر معاونت کریں گے، وزارت انسانی حقوق کو کمیٹی  کی مکمل سپورٹ حاصل ہے۔

مکران دہشت گردی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کمیٹی نے مکران کوسٹل ہائی وے پر دہشت گردی کا بھی نوٹس لیا ہے۔

چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کے معاملے کو ٹیک اپ کر رہے ہیں، وزارت انسانی حقوق بھی لاپتہ افراد کے معاملے پر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  حکومت سنجیدہ ہے تو لاپتہ افراد کے معاملے کو حل کرے، لاپتہ افراد کا معاملہ حل نہ ہوا تو اپوزیشن جماعتیں مل کر قانون سازی کریں گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ معاشی، جمہوری اور انسانی حقوق پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

مزید پڑھیں: پولیس مقابلے میں19ماہ کے بچے کی ہلاکت، تفتیشی ٹیم تشکیل

خیال رہے کہ 16 اپریل کو شہر قائد میں پولیس کی مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں 19 ماہ کا بچہ جاں بحق ہوگیا تھا۔

بچے کی شناخت احسن کے نام سے ہوئی ہے جس کے والد کاشف کا کہنا ہے کہ وہ رکشے میں جارہے تھے کہ پولیس کو فائرنگ کرتے دیکھا۔

ذرائع کے مطابق بچہ سینے میں گولی لگنے کی وجہ سے انتقال کرگیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی۔


متعلقہ خبریں