ٹوکیو اولمپکس2020: ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع کردی گئی

ٹوکیو اولمپکس2020: ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع کردی گئی

ٹوکیو: 2020 میں جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں منعقد ہونے والے اولمپک کھیلوں کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع کردی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے اولمپک کھیلوں کی انتظامیہ نے ایک ویب سائٹ پورٹل جاری کیا ہے۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق اولمپکس میں 33 مختلف کھیلوں کے کل 339 ایونٹس ہوں گے۔ آن لائن پورٹل پر تمام ایونٹس کے لیے ٹکٹوں کے کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ نرخ  درج کیے گئے ہیں۔

خبررساں ادارے کے مطابق سب سے سستے ٹکٹ 2500 جاپانی ین (تقریباً 22  امریکی ڈالرز) میں فروخت کے لیے دستیاب ہیں۔

سب سے مہنگے ٹکٹوں کی قیمت تین لاکھ ین (تقریباً 2679 امریکی ڈالرز) مقرر کی گئی ہے۔ ان مہنگے ترین ٹکٹوں کا تعلق اولمپکس کی افتتاحی تقریب کی بہترین اور نزدیکی نشستوں سے ہے۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق آن لائن پورٹل میں کھیلوں کے تمام ایونٹس کی تاریخیں اور اُن کے اوقات بھی درج  کیے گئے ہیں۔

انتظامیہ کو قوی امید ہے کہ جاپان کے شہری ایونٹس میں بہت زیادہ دلچسپی کا مظاہرہ کریں گے اس لیے جاپانی شہریوں کو ٹکٹس قرعہ اندازی کے ذریعے فراہم کیے جائیں گے البتہ جاپانی خاندانوں، سینئر سٹیزنزاور معذور شائقین کے لیے ٹکٹوں کی شرح 2020 ین ( 18 امریکی ڈالرز) مقرر کی گئی ہے۔

اولمپکس دیکھنے کے خواہش مند جاپانی شہریوں کے لیے ٹکٹوں کی قرعہ اندازی 9 سے 28 مئی 2019 کے درمیان کی جائے گی۔

اولمپکس کی انتظامیہ کے حوالے سے عالمی خبررساں ایجنسی نے بتایا ہے کہ غیر ملکی اپنے اپنے ممالک میں مقررہ ٹکٹس 15 جون کے بعد خرید سکیں گے۔

2020 میں منعقد ہونے والے ٹوکیو اولمپکس کے مقابلے 24 جولائی سے 9 اگست تک کے درمیانی عرصے میں ہوں گے۔


متعلقہ خبریں