ملک بھر میں موسم گرم اور خشک رہے گا، محکمہ موسمیات



اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم  خشک جبکہ جنوبی پنجاب اور سندھ میں گرم رہے گا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج گرمی کی شدت میں قدرے اضافے کا امکان ہے۔ دوپہر کے وقت موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم شام کے وقت موسم معتدل رہے گا۔ صبح کے وقت اسلام آباد کا درجہ حرارت20ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

سندھ بھر میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ کراچی کا درجہ حرارت صبح کے وقت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد رہا۔ آج کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ 

فوٹو: ہم نیوز

محکمہ موسمیات نے پنجاب اور آزاد کشمیر میں بھی موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ پنجاب میں صبح اور شام کے وقت موسم معتدل رہے گا جبکہ دوپہر میں درجہ حرارت بڑھنے کا اندیشہ ہے۔ آزاد کشمیر میں موسم خشک اور  قدرے سرد رہے گا۔

لاہور میں بھی موسم آج  خشک رہے گا۔ شہر کا درجہ حرارت31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب79 فیصد رہے گا۔

خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی میں موسم خشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بلوچستان کے چند اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور دیگر میں ہلکے بادل چھائے رہیں گے تاہم بارش کا امکان نہیں ہے۔

گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم مالاکنڈ، کوہاٹ، پشاور، ڈی آئی خان، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، ڈی جی خان، ژوب ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پربارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش دیر میں 16 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔


متعلقہ خبریں