ماڑی پٹرولیم نے پنجاب میں  تیل کے بڑے ذخائر ملنے کی خوشخبری سنا دی



اسلام آباد: ماڑی پٹرولیم نے پنجاب میں  تیل کے بڑے ذخائر ملنے کی خوشخبری سنا دی ہے۔ ترجمان پٹرولیم ڈویژن کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ غوری بلاک کےڈھاریاں 1معدنی کنویں سےتیل دریافت ہوا ہے۔ڈھاریاں ون سے 372بیرل یومیہ خام تیل ملنےکی توقع ہے۔

ترجمان کے مطابق ماڑی پٹرولیم کی یہ پنجاب میں دوسری بڑی دریافت ہے۔ تیل کی نئی دریافت تحصیل گوجرخان کے قریب ڈھاریاں۔1 کے مقام پر کی گئی۔نئی دریافت ملک میں انرجی بحران پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

یاد رہے اگست 2018 میں  پاکستان کے اس وقت کے نگراں وزیر خارجہ عبداللہ  حسین ہارون نے انکشاف کیا تھا کہ معروف امریکی انرجی کمپنی ایگزون موبل  ملک  میں کویت سے بھی بڑے تیل کے ذخائر دریافت کرنے کے قریب ہے۔

یہ انکشاف انہوں نے اتوار کو کراچی میں ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

عبداللہ ہارون نے بتایا کہ ایگزون موبل پاک ایران سرحد  کے قریب اب تک 5000  میٹر تک ڈرلنگ  کر چکی ہے اور وہ  تیل کے نئے اور وسیع ذخائر دریافت کرنے کے بہت قریب ہے۔

’عرب نیوز‘  کی رپورٹ کے مطابق اگر یہ ذخائر دریافت ہو جاتے ہیں تو پاکستان  دنیا کے 10 سب سے زیادہ  تیل  پیدا کرنے والے ممالک میں شامل ہوجائے گا، ایک اندازے کے مطابق یہ ذخائر کویت، جس کا فہرست میں چھٹا  نمبر ہے، کے ذخائر سے زیادہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:پاکستان میں کویت سے بڑے تیل کے ذخائر کا انکشاف

کویت کے تیل کے ذخائر دنیا بھر میں اب تک دریافت شدہ ذخائر کے 8.4 فی صد پر مشتمل ہیں، محتاط اندازے کے مطابق  کویت کے پاس 101.50  بلین بیرل  کے ذخائر موجود ہیں۔

عبداللہ حسین ہارون نے شرکا کو بتایا تھا  کہ پاکستانی حکومت نے پہلے ہی امریکی کمپنی سے 10 ارب  ڈالر مالیت کے پیداواری یونٹ بنانے کا معاہدہ  کر رکھا ہے، اس کےعلاوہ ایگزون موبل پورٹ قاسم پر ایک ایل این جی برتھ  بھی تعمیر کر رہی ہے۔


متعلقہ خبریں