پنجاب:بارشوں سے پونے 7لاکھ ایکڑ پر کاشت فصلیں متاثر ہوئیں،رپورٹ


پنجاب میں بارشوں سے پونے 7لاکھ ایکڑ پر کاشت فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔ بارشوں سے تباہ ہونے والی  فصلوں سے متعلق
حکمہ زراعت پنجاب نے رپورٹ تیار کر لی ہے۔

ہم نیوز نے بارشوں سے فصلوں کی تباہی کے اعدادوشمار حاصل کرلئے ہیں۔
محکمہ زراعت پنجاب کی رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ حالیہ  بارشوں سے مجموعی  طور پر 6لاکھ63ہزار1سو92 ایکڑ پرکاشت کی گئی مختلف فصلیں متاثر ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق طوفانی بارشوں اور ژالہ باری نے سب سے زیادہ گندم کی فصل کو متاثر کیا۔ بارشوں سے 5 لاکھ 65 ہزار ایکڑ پر کھڑی گندم کی فصل تباہ ہوگئی۔ گندم کی فصل کی تباہی سے کاشتکاروں کو آٹھ ارب روپے کا نقصان ہوا۔

رپورٹ میں کہا گیاہے کہ  3 ہزار 1سو 23 دیہات ایسے ہیں جہاں گندم کی فصل تباہ ہوگئی ہے۔  14 ہزار 9 سو 82 ایکڑ رقبہ ایسا ہے جہاں سو فیصد گندم کی فصل تباہ ہوئی۔ گندم کی فصل کا 11 ہزار 5 سو 18 ایکڑ رقبہ پچھتر فیصد متاثر ہوا ہے ۔ ایک لاکھ 77 ہزار 55 ایکڑ رقبہ پر گندم کی فصل پچاس فیصد متاثر ہوئی ہے۔ گندم کی فصل کا 3 لاکھ 62 ہزار 3سو 36 ایکڑ رقبہ پچیس فیصد متاثر ہوا ہے ۔
رپورٹ کے مطابق  جھنگ،خانیوال،ڈی جی خان اور چکوال میں گندم کی فصل سو فیصد متاثر ہوئی۔  ڈویژن کی سطح پر فیصل آباد میں سب سے زیادہ گندم کی فصل کو نقصان پہنچا۔ فیصل آباد ڈویژن میں گندم کی فصل سب سے زیادہ کاشت ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:ملک بھر میں بارشیں اور سیلابی ریلے،گندم سمیت ہزاروں ایکڑ فصل تباہ

رپورٹ کے مطابق بارشوں سے مکئی،کپاس،گنا،باجرہ،چارہ اور سٹابری کو بھی نقصان پہنچاہے۔ سورج مکھی،کینولہ،تمباکو، اسپغول اور سبزیاں بھی حالیہ بارشوں اور ژالہ باری سے متاثر ہوئی ہیں۔

محکمہ زراعت  پنجاب کے مطابق کل پانچ ہزار دو سو بائیس دیہاتوں میں مقیم کاشکاروں کی  فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔


متعلقہ خبریں