چیمپیئن جیت کا جذبہ لے کر میدان میں اترتے ہیں،عمران خان



اسلام آباد:وزیراعظم پاکستان عمران خان  نے کہا  چیمپیئن جیت کا بھرپورجذبہ لے کر اورمکمل منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اترتے ہیں۔ٹیم اسپرٹ کامیابی کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے ان خیالات کا اظہار پاکستان کرکٹ ٹیم اور پی سی بی انتظامیہ سے آج اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا ۔ وزیرِ اعظم کی جانب سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں کامیابی کے لئے حوصلہ افزائی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیاہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انظمام الحق اور کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں وزیراعظم سے ملاقات کے لیے پہنچی تھی۔

اس موقع پر وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ  پوری قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔پوری دنیا میں ملک و قوم کی نمائندگی کرنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔

انہوں نےملاقات کرنے والے کھلاڑیوں اور پی سی بی حکام سے  کہا آپ قوم کے سفیر ہیں اور پوری قوم کی نظریں اور توقعات آپ سے وابستہ ہیں۔ اپنی صلاحیتوں ، سپورٹس مین اسپرٹ اور اپنے طرزِ عمل سے پاکستان کا نام روشن کریں۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا  چیمپیئن جیت کا بھرپورجذبہ لے کر اورمکمل منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اترتے ہیں۔ٹیم اسپرٹ کامیابی کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:ورلڈ کپ: محمد عامر اسکواڈ کا حصہ نہیں

ایک گھنٹے سے زائد کی نشست میں وزیرِ اعظم نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اراکین کے ساتھ اپنے تجربات شئیر کیے اور ورلڈ کپ میں اچھا کھیل پیش کرنے اور کامیابی حاصل کرنے کے لئے مفید مشورے بھی دیے ۔

یاد رہے گزشتہ روز پاکستان نے ورلڈ کپ 2019کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔  پاکستان کرکٹ ٹیم کے  اسکواڈ میں فخر زمان، امام الحق، عابد علی، بابر اعظم، شعیب ملک، حارث سہیل، محمد حفیظ، سرفراز احمد، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، جنید خان اور محمد حسنین شامل  ہیں ۔


متعلقہ خبریں