پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ  اور واٹر ایکٹ 2019منظورکرلیا گیا، صمصام بخاری



پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ اور واٹر ایکٹ 2019 منظور کرلیا گیاہے ۔

کابینہ اجلاس کے بعد وزیراطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب کابینہ وزیراعلی عثمان بزدارکی زیر صدارت یہ فیصلہ کیاہے کہ  کابینہ کی  میٹنگ ہر 15 دن بعد ہوگی۔پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ  اور واٹر ایکٹ 2019 کے مسودے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ پنجاب سیلیز ایکٹ میں تھوڑی تبدیلی کی گئی ہے جبکہ بنک آف پنجاب کے سربراہ کے تقرر اور پنجاب اینیمل ہیلتھ بل کی منظوری دی گئی ہے ۔

صمصام بخاری نے کہا کہ تھرمل پاور پراجیکٹ کے لیے 10 ارب کے فنڈ کے اجرا کی منظوری دی گئی ہے۔ آڈیٹر جنرل پنجاب کی رپورٹ 2016-2017 کو اسمبلی میں پیش کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ  صوبائی وزیر تعلیمی اور صحت کے اداروں کا انسپکشن کرنے کے لیے دورے کریں گے۔

صمصام بخاری نے کہا کہ رمضان المبارک میں اس مرتبہ 309 بازار لگائے جائے گے اور 2 ہزار دستر خوان لگائے جائیں۔

ایک سوال کے جواب میں صمصام بخاری نے کہا کہ  پنجاب میں صوبائی وزراء کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی ہے۔  وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔وزیراعلی  کارکردگی اور صوبے کے معاملات کے بارے میں وزیراعظم کو آگاہ کرتے ہیں۔ تاحال پنجاب میں وزراء کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔

اس سے قبل ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھاکہ پنجاب حکومت نے  رمضان المبارک میں بارہ ارب سے زائد سبسڈی دینے کا فیصلہ  کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کابینہ نے ماہ رمضان میں بارہ ارب سے زائد سبسڈی دینے پر اتفاق کیا۔ رمضان بازاروں اور سبسڈی سے متعلق وزیر صنعت و تجارت کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو آئندہ دو روز میں رپورٹ پیش کرے گی۔ گزشتہ سال ماہ مبارک کے لئے نو ارب کی سبسڈی دی گئی تھی۔

صوبائی کابینہ نے بینک آف پنجاب کے سربراہ کے تقرر، واٹر کمیشن بورڈ،، ڈینگی کی روک تھام کے لئے ریگولیٹری اقدامات کی منظوری  بھی دے دی ہے ۔  وزیراعلی نے تھرمل پاور پراجیکٹ سے متعلق نئی کمیٹی بھی قائم کر دی ہے۔

کابینہ کی جانب سے پی ایچ اے فیصل آباد اور راولپنڈی کے علاوہ اسپتالوں میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

(پنجاب کابینہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سے متعلق مکمل بریفنگ سننے کے لیے وڈیو پر کلک کریں )


متعلقہ خبریں