سوشل میڈیا نے الیکٹرانک میڈیا کو مشکل میں ڈال دیا ہے،شاہ محمود 


ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سوشل میڈیا نے الیکٹرانک میڈیا کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ میڈیا صرف سرکاری اشتہارات سے نہیں چلتا۔ اب سوشل میڈیا کا دور ہے اور اسی وجہ سے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کو مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے  ملتان پریس کلب کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں میڈیا کا انحصار پرائیوٹ سیکٹر پر ہے۔ صحافیوں کو جبری رخصت پر بھیجا جارہا ہے، صحافیوں کی برطرفی میں حکومت کا کوئی کردار نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ  پاکستان میں میڈیا نے 17 سال میں گروتھ کی،17 سالوں میں نیشنل اور ریجنل چینلز آئے جس سے روزگار ملا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے باعث تبدیلی آئی اور الیکٹرانک میڈیا کو اس کے ساتھ خود کو ایڈجسٹ کرنا ہوگا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پرنٹ میڈیا دنیا بھر میں متاثر ہوا ہے اور یہ موضوع زیر بحث بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دراصل  پرنٹ میڈیا کی جگہ الیکٹرانک میڈیا نے لی اور سوشل میڈیا کی وجہ سے الیکٹرانک میڈیا متاثر ہورہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسدعمر نے  مشکل حالات میں اچھا کام کیا، شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سماجی رابطوں کے ذریعے خبر دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتی ہے اور آج تو سفارت کاری ٹویٹ کے ذریعے ہورہی ہے، دنیا میں کہیں بھی واقعہ ہو فوری ردعمل مانگا جاتا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ موجودہ حالات میں سیاست دانوں کو بھی فوری رد عمل دینا پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کی وجہ سے آج دنیا بھر جھوٹی خبریں مسئلہ بن گئی ہے،اب تو ایڈیٹنگ کے ذریعے مطلب کے جملے جوڑے جاتے ہیں، سر کسی کا اور جسم کسی کا ایسی تصاویر وائرل کی جاتی ہیں۔

شاہ محمود نے کہا کہ یہ دور تحقیق کا دور ہے اور صحافت کی کوالٹی بہتر بنانے کے لیے ہمیں نوجوان صحافیوں کے لیے مواقع پیدا کرنا ہوں گے۔ نوجوان صحافیوں کی تربیت کی ضرورت ہے۔

دنیا بھر میں اسمبلیوں کی کارروائی لائیو نشر کی جاتی ہیں، وزیر خارجہ

ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کی اسمبلیوں کی کارروائی لائیو نشر کی جاتی ہیں لیکن پاکستان میں ابھی ایسا نہیں کیا جارہا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لوگوں کو معلوم  ہونا چاہیئے ان کا منتخب نمائندہ اسمبلی میں کیا بول رہا ہے،اسمبلی کی کارروائی لائیو نشر ہونے سے عوام کا نمائندوں کے بارے میں ذہن بدلے گا۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا نے بہت سے سیاست دانوں کو بے نقاب کیا،  پہلے سیاست دان اپنے حق میں کالم لکھواتے اور خبریں چھپواتے تھے لیکن سماجی رابطوں نے سیاسی جماعتوں کو بے نقاب کردیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قوم کوفرقہ واریت، برادریوں سے باہر نکالنے کی ضرورت ہے، میڈیا عوام میں شعور دے رہا ہے ووٹرز کا مزاج بدل رہا ہے۔


متعلقہ خبریں