پنجاب کابینہ نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 کی منظوری دیدی


لاہور: پنجاب کابینہ نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 کی منظوری دے دی۔

پنجاب کابینہ کے اجلاس کے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں واٹر ایکٹ 2019 کے مسودے کی منظوری دی گئی۔ ایکٹ کے تحت واٹر ریسورسز کمیشن بنے گا جس کے وزیراعلیٰ چیئرمین ہوں گے۔

اعلامیے کے مطابق بغیر لائسنس پانی نکالنے پر پابندی ہوگی۔ حالیہ بارشوں میں ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے سروے کا حکم دیا گیا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب وٹنس پروٹیکشن ایکٹ 2018 کی منظوری دے دی گئی۔ ایکٹ کے تحت وٹنس پروٹیکشن بورڈ تشکیل دیا جائے گا۔پنجاب تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ کے لیے گورنمنٹ گارنٹی اور ڈیٹ اتھارٹی کی مد میں دس ارب روپے کے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق پنجاب الیکٹرانک اسٹامپ پیپرز رولز 2016میں ترمیم کی منظوری دی گئی جبکہ پنجاب حکومت کے اکاؤنٹس کے بارے میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی اسپیشل آڈٹ رپورٹس2016-17 کو کابینہ میں پیش کیا گیا۔ پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد رپورٹس کو پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کابینہ نے اجلاس میں ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے کو تحصیل کوہ سلیمان کا درجہ دینے کی منظوری دی گئی۔ غازی میڈیکل کالج ڈیرہ غازی خان میں راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں کے طلبہ کے لئے  پانچ نشستیں مخصوص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ساؤتھ پنجاب فاریسٹ کمپنی کو بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس

اجلاس میں پنجاب سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ2012 کے تحت ریڈویسڈ ریٹس اسکیم، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی فیصل آباد کے لیے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اراکین کی تقرری،پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے پا پولیشن ویلفیئر پروگرام پنجاب 2017-20 کے لیے فنانسنگ کی منظوری دے دی گئی ہے۔

کابینہ نے شعبہ صحت اور شعبہ پاپولیشن ویلفیئر کے ڈیوالڈ ورٹیکل پروگرامزکے لیے فنڈز کی منظوری، ڈینگی کے فوری تدارک کے لیے ریگولیٹری اقدامات کے تحت ٹمپریری ریگولیشنز 2019 اور پنجاب اینیمل ہیلتھ بل2019 کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں 720میگا واٹ کے کیروٹ پاور پراجیکٹ کیلئے اراضی کی منتقلی کی منظوری، ایل پی جی کی مارکیٹ ویلیو کے مطابق لیکویڈ پٹرولیم گیس کی رائلٹی کے امور کی منظوری بھی دی گئی۔

پنجاب کابینہ نے ضلع منڈی بہاؤ الدین کے علاقے رسول میں پنجاپ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کا قیام، پنجاب سیلز ٹیکس کے سروسز ایکٹ 2012 کے سیکنڈ شیڈول میں ترمیم، پنجاب میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز ریفارمز ایکٹ 2019 کی بھی منظوری دی۔

پنجاب کابینہ کے اجلاس میں رمضان پیکیج 2019 کی منظوری دی گئی۔ پیکیج کے تحت صوبہ بھر میں 309 رمضان بازار لگائے جائیں گے۔ رمضان المبارک میں 2 ہزار کے قریب دسترخوان کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کابینہ میں توسیع، 48ویں وزیر ق لیگ سے ہیں

اجلاس میں بینک آف پنجاب کے نئے صدر کی تقرری کی بھی منظوری دی گئی۔ محکمہ آبپاشی کے انجینئرنگ اسٹاف کی تنخواہوں میں اضافےکے کیس کو کابینہ کمیٹی برائے فنانس میں پیش کیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے زیادہ سے زیادہ سبسڈی دیں گے۔ اشیائے ضروریہ مارکیٹ کے مقابلے میں رمضان بازاروں میں سستے داموں دستیاب ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی تعلیم، صحت اور دیگر اداروں کے دورے کریں۔عوام کی سہولت کیلئے صحت اور تعلیم کے اداروں کو خوب سے خوب تر بنانا ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ گندم خریداری مہم کے لیے بھی وزراء اور دیگر نمائندے گندم خریداری مراکز کے دورے کریں۔


متعلقہ خبریں