لاہور کے یوٹیلٹی اسٹورز سے چینی، دالیں،آٹے سمیت ضروری اشیاء غائب



لاہور: رمضان المبارک کی آمد سے قبل یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی، دالیں، چاول اور آٹے سمیت کئی ضروری اشیاء دستیاب
نہیں ہیں۔

یوٹیلٹی اسٹورز میں نئے سامان کی ترسیل نہ ہونے کے باعث ریکس خالی پڑے ہیں اور لوگ خالی ہاتھ واپس جانے پر مجبور ہیں۔

دوسری طرف یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر متعدد چیزیں معیاد مدت پوری ہونے کے باوجود بھی فروخت کے لئے موجود ہیں، انتظامیہ کی جانب سے انہیں بھی تبدیل نہیں کیا گیا ہے۔

سستی اشیاء کی تلاش میں یوٹیلٹی اسٹورز کا رخ کرنے والے شہریوں نے شکایت کی ہے کہ یہاں پر موجود سامان ناقص ہے جبکہ زیادہ تراشیاء دستیاب ہی نہیں ہیں، انہوں نے حکومت سے معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر رمضان المبارک کے لیے پندرہ ارب روپے کا سامان درکار ہے، مگر اشیاء کی فراہمی کے لیے تاحال کوئی پالیسی نہیں بنائی گئی ہے۔ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ کارپوریشن کے سات ارب روپے کے مقروض ہونے پر وینڈرز نے بھی ترسیل روک رکھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں یوٹیلٹی اسٹورز : دو ارب روپے کا رمضان پیکج منظور

واضح رہے گزشتہ ماہ وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورزکے لیے دو ارب روپے کا رمضان المبارک پیکج منظور کیا تھا جس کے تحت صارفین کو مختلف اشیا پر چار سے 50 روپے تک کا ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

یاد رہے گزشتہ سال حکومت نے رمضان پیکیج کے تحت ایک ارب 73 کروڑ روپے مختص کیے تھے جس کے بعد 19 ضرورت کی اشیاء پر چارسے پچاس روپے تک سبسڈی دی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں