نشوا کامعاملہ، ایس ایس پی انویسٹی گیشن کا پی ایم ڈی سی، محکمہ صحت کو خط


کراچی: دارالصحت اسپتال میں اسٹاف کی مبینہ غفلت سے نشوا کی حالت بگڑنے کے معاملے پر  ایسٹ زون انویسٹی گیشن نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل  (پی ایم ڈی سی) اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ سے تحقیقات کی درخواست کردی۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے چیئرمین پی ایم ڈی سی اور سیکریٹری ہیلتھ کو خط لکھا ہے جس میں ان سے معاملے پر انکوائری کی درخواست کی گئی ہے۔

خط میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے دونوں اداروں سے یہ درخواست بھی کی ہے کہ اپنی انکوائری کمیٹی بنا کر معاملے کے ذمہ داروں کا تعین کریں اور غیر تربیت یافتہ انتظامیہ کا بھی تعین کیا جائے۔

خط کے متن کے مطابق اسپتال انتظامیہ کی غفلت سے نو ماہ کی نشوا کا کیس خراب ہوا، بچی  کو دوائیوں کی اوور ڈوز دی گئی جس  سے اس کی طبیعت خراب ہوئی۔ غلط انجیکشن لگانے سے نو ماہ کی نشوا کومہ میں چلی گئی۔ آپ سے اس معاملے پر انکوائری کی درخواست کی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹروں نے نشوا کی حالت غیر تسلی بخش قرار دے دی

خط میں بتایا گیا ہے کہ  دارالصحت اسپتال انتظامیہ کیخلاف شارع فیصل میں مقدمہ درج ہے۔

تفتیشی حکام کے مطابق نشوا کے معاملے پر تین افراد کو گرفتار کیا تھا۔ جب اصل ملزم آیا اور اس نے اعتراف جرم کیا تو باقیوں کو چھوڑ دیا گیا، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ سمیت دیگر متعلقہ اداروں کا کام ہے کہ وہ ذمہ داروں کا تعین کریں۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کی جانب سے جس کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا اس کیخلاف کاروائی کی جائے گی، مدعی مقدمہ اگر کسی اور کو شامل تفتیش کرانا چاہتے ہیں تو اس کو بھی تفتیش کیلئے طلب کیا جائے گا۔

واضح رہے کچھ روز قبل کراچی کے نجی اسپتال دارالصحت میں نو ماہ کی بچی کو دوائی کا اوور ڈوز دے دیا گیا تھا جس سے وہ معذور ہوگئی تھی۔ بچی کا علاج ابھی بھی جاری ہے لیکن ڈاکٹرز نے اس کی حالت غیر تسلی بخش قرار دے دی ہے۔


متعلقہ خبریں