’ہم خوش قسمت ہیں کہ آپ (وزیراعظم) منتخب ہوئے‘


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کو اپنوں کی جانب سے اندھیرے میں رکھنے کا سلسلہ جاری ہے۔

وزیراعظم عمران خان اورکزئی جلسے کے بعد واپسی کے لیے نکل رہے تھے کہ ایک غریب بزرگ نے ان کا راستہ روک لیا۔

افغانی بزرگ نے عمران خان سے فارسی میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے بچے کے دو آپریشنز ہوئے ہیں اس پر وزیراعظم کو کچھ سمجھ نہ آئی، انہوں نےمدد کے لیے ادھر ادھر دیکھا تو گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان ترجمے کے لیے پہنچ گئے۔

انہوں نے بزرگ کے اس جملے کہ میرے بچے کے دو آپریشنز ہوئے ہیں کا ترجمہ کچھ یوں وزیراعظم کو بتایا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ آپ وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔

نجی ٹی وی کے رپورٹر کی جانب سے سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو شئیر کیے جانے کے بعد بہت سارے لوگ اس بات پر تنقید کررہے ہیں کہ یہ کیسے لوگ اہم عہدوں پر بیٹھے ہیں جو خوش آمد کی غرض سے سچ بھی چھپا لیتے ہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے عوامی جلسے سے خطاب کیا تھا جس میں انہوں نے افغانستان سے علاج کی غرض سے آنے والے افراد کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ شوکت خانم اسپتال کی انتظامیہ سے بات کریں گے کہ ایسے افراد کے علاج کے لیے افغانستان میں بھی کوئی بندوبست کیا جائے۔

یاد رہے چند ہفتے قبل اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اور تحریک انصاف کے رہنما مشتاق غنی نے مہنگائی سے پریشان عوام کو دو کے بجائے ایک روٹی کھانے کا مشورہ دیا تھا جس پر اپوزیشن جماعتوں اور سوشل میڈیا صارفین نے خوب تنقید کی تھی۔


متعلقہ خبریں