بجٹ 24 مئی کو پیش کیا جاسکتا ہے، مشیر خزانہ حفیظ شیخ



اسلام آباد: مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ بجٹ 24 مئی کو ہی پیش کیا جاسکتا ہے۔

مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکراتی عمل کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ تمام چیزوں کو اسی طرح لے کر جائیں جس طرح چل رہی تھیں جب کہ 30 اپریل کو کابینہ میں میڈیم ٹرم اسٹریٹجی پیپر بجٹ کے بارے میں بھیجا جائے گا۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ آج صبح بجٹ پر بات ہوئی ہے اور میڈیم ٹرم پر بجٹ بنانے کی ہدایت دی ہیں۔ اس کے علاوہ ریونیو اور اخراجات پر کام کیے جانے پر بھی بات کی گئی ہے۔

ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد صحافیوں سے مختصر بات کی اور صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے کسی بھی سوال کا جواب دیے بغیر روانہ ہو گئے۔

عبدالحفیظ شیخ کو اسد عمر کے استعفیٰ کے بعد وزارت خزانہ میں تعینات کیا گیا ہے۔ عبدالحفیظ شیخ ریونیو اور اقتصادی امور کی وزارتیں بھی دیکھیں گے جب کہ ان کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہو گا۔

وزیر اعظم عمران خان سے مشیر خزانہ ہفتہ کو بنی گالا میں ملاقات کریں گے، ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عبدالحفیظ شیخ کو پاکستان تحریک انصاف کے منشور، اقتصادی پالیسی اور روڈ میپ پر ہدایات دیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان بجٹ 20-2019 سے متعلق اپنا ویژن اور پلان بھی مشیر خزانہ کو بتائیں گے، اس کے علاوہ ملاقات میں آئی ایم ایف مذاکرات اپ ڈیٹ اور ملک کے مؤقف پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے جمعرات کو وزارت خزانہ کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کابینہ میں کوئی بھی عہدہ نہیں لیں گے۔

آئی ایم ایف کے مشن چیف کو ٹیلی فون

حفیظ شیخ نے چارج سنبھالنے کے پہلے ہی دن عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے مشن چیف کو ٹیلی فون کیا جس کے دوران ادارے کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزارتِ خزانہ  کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کا مشن شیڈول کے مطابق اسی ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف اور پاکستان کے مذاکرات جاری رہیں گے۔


متعلقہ خبریں