جعلی بینک اکاونٹس کیس، ملزم سلیم فیصل وعدہ معاف گواہ بن گئے



راولپنڈی: جعلی بینک اکاونٹس کیس سے جڑے پارک لین کیس کے ملزم سلیم فیصل وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں۔

پارک لین کیس کے ملزم سلیم فیصل نے وعدہ معاف گواہ بننے کی باضابطہ درخواست دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق سلیم فیصل نے نیب کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ تمام معاملات پارک لین کی انتظامیہ کے کہنے پر کرتا رہا۔

سلیم فیصل نے انکشاف کیا کہ انٹرنیشنل بزنس اینڈ شاپنگ سنٹر نامی پلازے پر اربوں روپے کا قرض لیا گیا اور پھرڈیفالٹ کروا کر قرضہ خورد برد کیا گیا۔

قومی احتساب بیورو کی جانب سے سلیم فیصل کی گرفتاری کے بعد انہیں احتساب عدالت میں جج محمد بشیر کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے 13 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا تھا۔

نیب کی جانب سے پارک لین کیس میں فرنٹ کمپنی کے ڈائریکٹر اقبال نوری خان کو بھی گرفتار کیا جا چکا ہے۔

یاد رہے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری پارک لین میں 25-25فیصد کے شراکت دار ہیں اور دونوں نیب کے سامنے اس شرکت داری کا اعتراف بھی کرچکے ہیں۔ اسی سلسلے میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو نیب کے سامنے اپنا بیان بھی ریکارڈ کراچکے ہیں۔

پارک لین کیس میں اربوں روپے جعلی بینک اکاونٹس سے بیرون ملک منتقلی اور بینکوں سے اربوں روپے قرضہ لینے کا الزام ہے۔

یہ بھی پڑھیںجعلی بنک اکاؤنٹس کیس:دوملزموں کی وعدہ معاف گواہ بننے کی استدعا

سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف مبینہ طور پرجعلی اکاونٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کا مقدمہ احتساب عدالت اسلام آباد میں زیر سماعت ہے، آصف زرداری اور ان کی ہمیشرہ فریال تالپور نے 29 اپریل تک جعلی اکاونٹس کیس میں عبوری ضمانت حاصل کررکھی ہے۔

واضح رہے آٹھ اپریل کو احتساب عدالت میں جعلی اکاونٹس کیس کی سماعت کے دوران بھی دو خواتین ملزمان نے وعدہ معاف گواہ بننے کی استدعا کی تھی۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے سات جنوری 2018 کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کا معاملہ مزید تحقیقات کے لیے قومی احتساب بیورو کو بھجوایا تھا۔


متعلقہ خبریں