بھارتی الیکشن کمیشن کا مودی پر بنی ویب سیریز ہٹانے کا حکم


نئی دہلی: بھارت کے الیکشن کمیشن نے انتخابات کے پیش نظر ایرویز ناو کو بھارتی وزیراعظم نریندرمودی پر بنی ویب سیریز کو ہٹانے کا حکم دے دیا ہے۔

الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم پر بنی یہ سیریز ووٹروں کو متاثر کرسکتی ہے اس لیے 10 اپریل کے حکم کے تحت اسے اگلے حکم تک انٹرنیٹ سے ہٹادیا جائے۔

اس سے قبل بھارتی الیکشن کمیشن نے لوک سبھا کے انتخابات کے پیش نظر نریندرمودی پر بنی اس فلم پر پابندی عائد کرتے ہوئے اس کی نمائش غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے کا حکم دیا تھا۔

بھارتی وزیراعظم کی زندگی پر بننے والی فلم پانچ اپریل کو نمائش کے لیے پیش نہیں کی جا سکی تھی لیکن اس کے بعد فلم کو گیارہ اپریل کو نمائش کے لیے پیش کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جس پر کانگریس سمیت کئی سیاسی جماعتوں نے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا۔

انڈین نیشنل کانگریس نے سپریم کورٹ میں بھی ایک قانونی درخواست دائر کی تھی جس میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ وزیراعظم نریندر مودی پر بنائی جانے والی فلم چونکہ رائے عامہ کو اپنے حق میں کرسکتی ہے اس لیے فلم کی ریلیز پر پابندی لگائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں بھارت: مودی اور بی جے پی کو لوک سبھا انتخابات سے قبل دھچکہ

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق متعصب سوچ کے حامل نریندرا مودی کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں ان کا کردار بالی ووڈ کے اداکار وویک اوبرائے نے ادا کیا ہے جس کے پوسٹرز تک جاری کیے جاچکے ہیں۔

بھارت میں انتخابات کا عمل 11 اپریل سے شروع ہوا ہے جو 19 مئی کو مکمل ہوگا، اس کے بعد ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا آغاز 23 مئی سے ہوگا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق الیکشن کمیشن نے وزیراعظم نریندرمودی کے نام سے چلنے والے ایک ٹی وی چینل سے متعلق بھی اپوزیشن جماعتوں کی درخواستوں کا جائزہ لیا ہے کہ اس چینل کو فنڈز بی جے پی کی جانب سے فراہم کیے جاتے ہیں، یہ چینل بھی ملکی انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔


متعلقہ خبریں