فردوس عاشق اعوان اور ان کے بھائی کے خلاف انکوائری بند


قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں فردوس عاشق اعوان اور ان کے بھائی کے خلاف انکوائری بند کر دی۔

نیب لاہور حکام کا کہنا ہے کہ فردوس عاشق اعوان کےخلاف شکایت نمٹا دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اور ان کے بھائی کےخلاف شکایت میں آمدن سے زائد اثاثوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔ تحقیقات کی گئیں مگر کسی قسم کا ثبوت نہیں مل سکا۔

نیب لاہور نے ڈی جی نیب شہزاد سلیم کے نوٹس میں لاکر انکوائری بند کی ہے۔ترجمان نیب نے بھی سرکاری طور پر فردوس عاشق اعوان اور ان کے بھائی کے خلاف تحقیقات بند ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وزیراعظم نے نئی معاشی ٹیم کو مہنگائی کے بوجھ سے نکالنے کا ہدف دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کی حکمت عملی بنارہے ہیں،اس بار کسی کوخودساختہ مہنگائی بھی نہیں کرنے دیں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے اسدعمر کے حوالے سے کہا کہ منایا ان کو جاتا ہے جو ناراض ہوں، اسدعمر عمران خان کی ٹیم کا اہم حصہ ہیں، فواد چوہدری آج لاہور میں تھے اس لیے انہوں نے اس اجلاس میں شرکت نہیں کی۔

دو روز قبل وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں جن میں سب سے بڑی تبدیلی اسد عمر کا استعفیٰ اور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ مقرر کرنا تھی۔

اپوزیشن کی تنقید پر بھرپور حکومتی دفاع کرنے والے وزیراطلاعات کی وزارت بھی تبدیل ہوگئی، فواد چودھری کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا وزیر بنادیا گیا۔ اطلاعات کا قلمدان فردوس عاشق اعوان کے پاس آگیا، انہیں معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات مقررکیا گیا ہے۔

اسد عمر کی جگہ حفیظ شیخ کو خزانے کی ذمہ داری دینے کے بعد کپتان کی ٹیم میں دیگر بڑی تبدیلیاں سامنے آئیں۔ فواد چودھری، غلام سرور خان، بریگیڈئیر (ریٹائرڈ) اعجاز شاہ اور شہریار آفریدی کی وزارتیں بھی تبدیل کی گئیں جبکہ اعظم سواتی دوبارہ کابینہ میں شامل ہوگئے۔

کابینہ میں بڑے پیمانے میں ردوبدل کے حوالے سے کافی عرصے سے میڈیا پر خبریں سرگرم تھیں تاہم حکومتی وزراء کسی بڑی تبدیلی کے حوالے سے تردید کررہے تھے۔


متعلقہ خبریں