صدر نے چار کروڑ روپے سے زائد کے تحائف سرکاری توشہ خانے میں جمع کرادئیے

کچھ لو، کچھ دو کے فارمولے کے تحت چلنا چاہیے،سیاستدان اکھٹے نہ ہوئے تو تاریخ ذمہ دار ٹھہرائے گی، پر اعتماد ہوں جلد راستہ نکل آئیگا، صدر مملکت

اسلام آباد: صدر عارف علوی کو اہلخانہ کو دورہ سعودی عرب کے دوران ملنے والے تحائف کو سرکاری توشہ خانہ میں جمع کرادیا گیا ہے۔

صدرعارف علوی کی جانب سے تحفے میں ملنے والی ایک تسبیح، ایک پین، ایک گھڑی، ایک انگوٹھی اور دو پروفیومز جبکہ صدر کی اہلیہ مسز ثمینہ علوی نے ایک نیکلس، ایک انگوٹھی، ایک بریسلٹ  اور بالیوں کا جوڑا جمع کرایا ہے۔

عارف علوی کے بیٹے عواب علوی نے ایک گھڑی، بہو صادقہ عواب علوی نے رولکس کی ایک گھڑی اور بیٹی نائمہ علوی نے بھی ایک گھڑی قومی توشے خانے میں جمع کرائی ہے۔

صدرعارف علوی اوران کے خاندان کے افراد کی جانب سے جمع کرائے گئے تحائف کی کل مالیت چار کروڑ سات لاکھ 48 ہزار 708 روپے ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے بھی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے تحفے میں ملنے والی گھڑی کو بھی قومی خزانے میں جمع کرادیا تھا جس کی مالیت ایک کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد تھی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سابق وزیرخزانہ اسدعمر نے بھی دورہ سعودی عرب کے دوران ملنے والے مہنگے تحائف کو سرکاری توشہ خانے میں جمع کرادیا تھا۔

واضح رہے اس ضمن میں ایک واقعہ بھی مشہور ہے کہ 2010 میں ترکی کی خاتون اول نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے اپنا ہار سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو دیا تھا جو انہوں نے کہا تھا کہ ان سے گم ہوگیا ہے۔ میڈیا پر یہ معاملہ اٹھنے کے بعد سابق وزیراعظم نے ہاراپنے پاس ہونے کے اعتراف کیا تھا۔

ایف آئی اے کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کو ہار کی واپسی کے لیے قانونی نوٹس بھی جاری کیا گیا جس کے بعد انہوں نے یہ ہار سرکاری توشہ خانے میں جمع کرانے کی حامی بھرلی تھی۔

یاد رہے رواں سال جنوری میں وفاقی حکومت نے عوامی نمائندوں اورسرکاری ملازمین پر بیرون ممالک سے آنے والے مہمانوں سے بھی تحائف وصول کرنے پر پابندی عائد کردی تھی۔


متعلقہ خبریں