حیات آباد آپریشن میں زخمی ہونے والے لانس نائیک ظفر اقبال شہید ہو گئے


راولپنڈی: پشاور کے علاقے حیات آباد کے آپریشن میں زخمی ہونے والے لانس نائیک ظفر اقبال شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے اعلامیے کے مطابق شہید کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کی گئی۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ کور کمانڈر پشاور سمیت سول و عسکری حکام نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

شہید کا جسد خاکی آبائی علاقہ خوشاب پہنچایا جائے گا جہاں ان کی تدفین پورے فوجی اعزازات کے ساتھ کی جائے گی۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل پشاور کے علاقے حیات آباد میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی پر آپریشن کیا تھا جو 16 گھنٹے تک جاری رہا تھا۔

مزید پڑھیں: پشاور آپریشن: ہلاک ہونے والے دو دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی

آپریشن کے نتیجے میں پانچ دہشت گردوں ہلاک ہوگئے تھے جبکہ اے ایس آئی قمر عالم نے جام شہادت نوش کیا۔

آپریشن کلیئرنس کے دوران دہشت گردوں کی پناہ گاہ کو بارودی مواد سے مسمار کر دیا گیا جب کہ مکان سے دہشت گردوں کے زیراستعمال اسلحہ، بارودی مواد اور دیگر شواہد قبضہ میں لے لیے گئے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کئی گھنٹے جاری رہنے والے آپریشن کے دوران بتایا کہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا۔ انہوں نے تصدیق کی کہ پولیس کے اور سیکیورٹی فورسز کے مکان میں داخل ہونے پر دوبارہ فائرنگ کی گئی اورتین راکٹ لانچر بھی مارے گئے۔

شوکت یوسف زئی نے بتایا تھا کہ جواب میں پولیس نے آر پی جی سیون راکٹ لانچر فائر کیا۔

حیات آباد کے ایک مکان میں چھپے دہشت گردوں کی اطلاع ملتے ہی امدادی اداروں کے رضاکاروں سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکاروں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھی۔


متعلقہ خبریں