ابو ظہبی میں پہلے ہندومندر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا


ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں پہلے ہندو مندر کاسنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔ سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 2500 افراد نے شرکت کی ہے۔

دبئی شاہراہ پر بنایا جانے والا سوامی نارائن مندر 55 ہزار مربع میٹر (14ایکڑ) پر مشتمل ہوگا۔ اس مندر کی تعمیر کے لیے پتھر بھارتی علاقے راجھستان سے منگوائے گئے ہیں جنہیں تراشنے کے بعد عمارت کی شکل میں جوڑا جائیگا۔

تقریب میں برداشت کا سال منانے کے آغاز کے لیے شیخ زید کی تصویر کی رونمائی بھی کی گئی۔

یواے ای میں قائم ہونے والے اس مندر کے لیے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے دورے کے موقع پر دونوں ممالک نے اتفاق کیا تھا اور ابوظہبی حکومت نے 2015 میں اس کے لیے زمین الاٹ کی تھی۔


بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے 12 فروری 2018 کو مندر کا اعلان کیا گیا تھا جس پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اس موقع پر بھارتی وزیراعظم نے کہا تھا کہ یہ مندر نہ صرف فن تعمیر میں منفرد ہوگا بلکہ اس سے پوری دینا کو یہ پیغام جائے گا کہ ہم سب ایک ہیں۔


مشرق وسطی میں قائم ہونے والا یہ مندر دہلی کے آکشرڈاھم مندر کی شکل کا ہوگاور اس کی شکل نیوجرسی میں واقعہ ایک اور بی اے پی ایس مندر جیسی ہوگی ۔
بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی جانب سے مندر کے سنگ بنیاد رکھنے کی  تقریب میں شرکت کی خبریں تھیں تاہم ان دنوں ان کے بھارتی انتخابات میں مصروف ہونے کے باعث وہ اس میں شریک نہیں ہوئے ہیں۔

بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم 60 ارب ڈالر سے بھی زائد ہے، اس کے علاوہ 26 لاکھ بھارتی یواے ای میں رہائش پذیر ہیں جو ہر سال 13 ارب ڈالر سے زائد زرمبادلہ ہر سال اپنے ملک بھیجتے ہیں۔


متعلقہ خبریں