خرطوم: عمرالبشیر کے گھر پر چھاپہ، کرنسی سے بھری بوریاں برآمد

خرطوم: عمرالبشیر کے گھر پر چھاپہ، کرنسی سے بھری بوریاں برآمد

خرطوم: سوڈان کے معزول صدر عمر البشیر کے گھر سے بھاری مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی گئی ہے۔ برآمد کی گئی کرنسی بوریوں میں بھر کر رکھی گئی تھی۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق سوڈان کے معزول صدر کے خلاف پبلک پراسیکیوٹر نے تفتیش کا آغازکردیا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے نے سوڈان کے عدالتی ذرائع سے بتایا ہے کہ معزول صدر کے خلاف منی لانڈرنگ اور غیر قانونی طور پربیرونی کرنسی رکھنے کے الزامات ہیں۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق ملٹری انٹیلی جنس نے معزول صدر عمرالبشیر کے گھر پہ چھاپہ مار کر تلاشی لی تو وہاں نقدی سے بھری بوریاں ملیں۔

خبررساں ادارے کے مطابق بوریوں سے 351000 سے زائد ڈالرز، 60 لاکھ یوروز اور 50 لاکھ سوڈانی پاؤنڈز برآمد ہوئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس صورتحال میں چیف پبلک پراسیکیوٹر نے معزول صدرسے پوچھ گچھ کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی کی جاسکے۔

معزول صدر عمر البشیر چونکہ خرطوم کی کوبر جیل میں قید ہیں لہذا حکام ان سے جیل ہی میں پوچھ گوچھ کریں گے۔

سوڈان کے معزول صدرعمر البشیر قتل عام کے الزامات پر بین الاقوامی عدالت انصاف کو بھی مطلوب ہیں۔

فوج نے عمر البشیر کو گیارہ اپریل کو طویل احتجاج کے بعد معزول کرکے اقتدار اپنے ہاتھ میں لیا تھا۔ ابتدا میں انہیں گھر میں نظر بند کردیا گیا تھا۔

سوڈان اور خرطوم کی بدنام زمانہ ’کوبرجیل‘ میں قید عمر البشیر نے ملک پر 30 سال حکمرانی کی۔

سوڈان کی ملٹری اینٹلی جنس نے جب عمر البشیر کے گھرپہ چھاپہ مار کر بھاری مالیت کی نقدی برآمد کی توشاید کسی کو یاد بھی نہ آیا ہو کہ دریائے نیل کے کنارے مٹی اور گارے سے بنا ان کا آبائی گھر تھا۔ ان کے والد زراعت سے وابستہ تھے اور غریب خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔

عمر البشیر سمیت جتنے بھی طویل عرصے تک اپنے اپنے ملک پر حکمرانی کرنے والے حکمران گزرے ہیں سب ہی کے گھر اور پوشیدہ اکاؤنٹس سے بھاری مالیت کی نقدی اور زیورات ضرور برآمد ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں