جعلی اکاونٹس کیس میں ندیم بھٹو گرفتار



سکھر: قومی احتساب بیورو سکھر نے جعلی اکاونٹس کیس میں ندیم بھٹو کو گرفتار کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق  نیب سکھر نے لاڑکانہ نوڈیروہاوس پر چھاپہ مارا جہاں سے ندیم بھٹو کو کیا گیا ہے۔ نیب کے مطابق ملزم ندیم بھٹو جعلی اکاونٹس سے لاکھوں روپے رقوم وصول کرتا رہا ہے، ندیم بھٹو وصول کردہ رقوم سے بھٹو اسٹیٹ کے ملازمین کو تنخواہیں جاری کرتا رہا ہے۔

ندیم بھٹو نوڈیروہاوس کے انچارج اور سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی ہیں، نیب کے مطابق ندیم بھٹو کو کل احتساب عدالت سکھر میں پیش کیا جائے گا۔

 

یاد رہے گزشتہ روز جعلی بینک اکاونٹس کیس سے جڑے پارک لین کیس کے ملزم سلیم فیصل وعدہ معاف گواہ بن گئے تھے۔ انہوں نے نیب کو وعدہ معاف گواہ بننے کی باضابطہ درخواست دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں جعلی بینک اکاونٹس کیس، ملزم سلیم فیصل وعدہ معاف گواہ بن گئے

ذرائع کے مطابق سلیم فیصل نے نیب کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ تمام معاملات پارک لین کی انتظامیہ کے کہنے پر کرتا رہا۔

سلیم فیصل نے انکشاف کیا کہ انٹرنیشنل بزنس اینڈ شاپنگ سنٹر نامی پلازے پر اربوں روپے کا قرض لیا گیا اور پھرڈیفالٹ کروا کر قرضہ خورد برد کیا گیا۔

قومی احتساب بیورو کی جانب سے پارک لین کیس میں فرنٹ کمپنی کے ڈائریکٹر اقبال نوری خان کو بھی گرفتار کیا جا چکا ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف مبینہ طور پرجعلی اکاونٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کا مقدمہ احتساب عدالت اسلام آباد میں زیر سماعت ہے، آصف زرداری اور ان کی ہمیشرہ فریال تالپور نے 29 اپریل تک جعلی اکاونٹس کیس میں عبوری ضمانت حاصل کررکھی ہے۔

واضح رہے آٹھ اپریل کو احتساب عدالت میں جعلی اکاونٹس کیس کی سماعت کے دوران بھی دو خواتین ملزمان نے وعدہ معاف گواہ بننے کی استدعا کی تھی۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے سات جنوری 2018 کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کا معاملہ مزید تحقیقات کے لیے قومی احتساب بیورو کو بھجوایا تھا۔

ترجمان نوڈیرو ہاؤس کا بیان

ترجمان نوڈیرو ہاوس کا کہنا ہے کہ  لاڑکانہ میں بھٹو ہاؤس پر چھاپے کی بے بنیاد خبروں کی تردید کرتے ہیں، بھٹو ہاؤس سے کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔

ترجمان نے وضاحت میں کہا ہے کہ نہ ہی کسی ادارے نے چھاپہ مارا ہے اور نہ ہی  ندیم بھٹو لاڑکانہ ہاؤس کا انچارج ہے۔


متعلقہ خبریں