وزیراعظم عمران خان ایران پہنچ گئے



تہران: وزیراعظم عمران خان دو روزے دورے پرایران پہنچ گئے، مشہد میں مختصر قیام کے بعد تہران روانہ ہو گئے۔

وزیراعظم عمران خان کے مشہد پہنچنے پر ان کا استقبال گورنر جنرل خراسان علی رضا حسینی نے کیا۔ اس موقع پر ایران میں پاکستانی سفیر رفعت مسعود اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے مشہد میں روضہ حضرت امام رضاؒ پر حاضری دے کر عقیدت کا اظہار کیا اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی جب کہ وزیر اعظم نے روضہ مشہد کے والی احمد ماروی سے بھی ملاقات کی۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان بھی زائرین کی آمد کے لیے خصوصی اقدامات کر رہا ہے جب کہ برادر ملکوں کے ساتھ بہتر تعلقات رکھنا ہماری خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایران کے ساتھ قریبی تعلقات چاہتے ہیں، ایران نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان ایران کا یہ دورہ ایرانی صدرحسن روحانی کی دعوت پرکررہے ہیں، یہ ان کا ایران کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان دورے کے دوران ایرانی صدر حسن روحانی سے ون آن ون ملاقات کریں گے۔عمران خان ایرانی سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای سے خصوصی ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم دورے کے دوران پاک ایران تجارت بڑھانے پر بات چیت کریں گے اور وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوں گے۔

دورہ ایران کے دوران وزیراعظم عمران خان کو 22 اپریل کو گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا ۔ وفود کی سطح پر ملاقاتیں اور کئی ایم او یوز پر دستخط ہوں گے جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس بھی ہوگی۔

ایرانی صدر حسن روحانی وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان ایرانی سرمایہ کاروں و بزنس کمیونٹی سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔


متعلقہ خبریں