وزراء مستعفی ہوئے وزیراعظم کو بھی ہونا چاہیے، مولا بخش چانڈیو



حیدر آباد: پیپلزپارٹی کے رہنما اور سینیٹر مولابخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ حکومتی کشتی میں سوراخ ہوچکا ہے، وفاق میں بغاوت کے آثار ہیں۔

حیدرآباد میں پریس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان  نااہل حکومت کے نااہل وزیراعظم ہیں۔  ملک میں معاشی بحران ہے، یہ اب بھاگنا چاہتے ہیں لیکن ہم انہیں بھاگنے نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان خود بھی خود کا فیصلہ نہیں ہے، وہ کسی اورکا کیا فیصلہ کریں گے۔ عوام منتظر ہیں کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی کابینہ سے بھی نااہل وزیرنکالے جائیں۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ وزیراعظم ناکام ہوکراپنی جماعت سے الگ ہوچکے ہیں، وہ اب ناکامی کے بعد کوئی اور راستہ تلاش کررہے ہیں۔ اپوزیشن کو کوئی تحریک چلانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ حکومت خود ایسے فیصلے کررہی ہے جس سے عوام سڑکوں پرآ جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی خواہش پر پاکستان تباہ نہیں ہوگا، آپ گھر جائیں گے، آٹھ جماعتوں نے دوبارہ انتخابات کا مطالبہ کیا ہے اور تعجب نہیں کہ ایسا ہوجائے۔

ان کا کہنا تھا کہ جھوٹے کیسز کا خاتمہ کریں، پارلیمنٹ واپس آئیں اگر وہاں واپس نہ آئے تو کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ ہم تصادم نہیں چاہتے، پہلے بھی کیسز کا سامنا کیا اب بھی کررہے ہیں لیکن ہم عدلیہ سمیت کسی ادارے کی توہین نہیں کریں گے۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ کیا ریاست مدینہ ایسی ہوگی جس میں اپنے خاندان کی کرپشن نظر نہیں آئے گی، صرف احتساب دشمنوں کے لیے ہوگا۔ حکومت کے پاس اگر ثبوت ہیں ہیں تو کارروائی کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نظام کی تبدیلی اورکرپشن کی باتیں کرکے بحران پیدا کرنا چاہتی ہے، مسائل سے لوگوں کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے لیکن انہیں اس میں ناکامی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کہ وجہ سے ہرکوئی پریشان ہے، اب نوٹس اور ہدایت کی بات سے بات نہیں بنے گی، غریبوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کریں۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ حکومت کو مفاہمت کے ساتھ چلنا ہے تو متنازعہ وزیرکوہٹانا پڑے گا۔ شاہ محمود اور جہانگیرترین کی لڑائی عام نہیں ہے، آنے والے دنوں میں یہ بات سامنے آجائے گی۔


متعلقہ خبریں