اسد عمر سرمایہ ہیں انہیں منانے جاؤں گا، شیخ رشید



اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اسد عمر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا سرمایہ ہیں انہیں منانے جاؤں گا۔

شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اسد عمر کو منانے کا ٹاسک نہیں ملا ہے لیکن انہیں منانے جاؤں گا۔ میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ اس لیے کھڑا ہوں کہ وزیر اعظم عمران خان ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اس سے قبل ایسٹر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ سیاستدان پاکستان میں اپنی عزت کھو چکا ہے کوئی بھی ان کی بات پر یقین کرنے کو تیار نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ اگر چین کے ساتھ ایم ایل ون معاہدے پر دستخط ہو گئے تو میں میرا وعدہ ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے ایک ہزار کرسچن نوجوانوں کو روزگار فراہم کروں گا۔ لوگ میرا یقین کریں میں نے گزشتہ 9، 10 سال سے جھوٹ بولنا چھوڑ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں کوئی بھی وزیر اعلیٰ تبدیل نہیں ہونے جارہا، شیخ رشید

شیخ رشید نے کہا کہ نالہ لئی کے اطراف سڑک بنانے کے لیے چین کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں تاہم چینی انجینئرز پٹڑی بچھانے کے لیے بھی تیار ہیں۔

سواں سے لے کر پشاور موڑ تک جلد ٹرانسپورٹ کے مسئلہ کو حل کر دیں گے، شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ میں مسیحی بھائیوں کو ایسٹر کی مبارکباد دیتا ہوں، میری خواہش کہ میں مسیحی افراد کو زیادہ سے زیادہ نوکریاں دوں۔ کمزور کو اوپر لے کر جانا میری زندگی کا مقصد ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ مسلمان اور اقلیتی برادری ملک سے تعصب اور تشدد کی فضا کو ختم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ ملک میں کسی بھی عیسائی بھائی پر منی لانڈرنگ کا الزام نہیں ہے اورمیں نے آج تک نہیں سنا کہ کوئی کرسچن بھائی کرپشن میں پکڑا گیا ہو۔

انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے ہر موقع پر عیسائی برادری میرے ساتھ کھڑی رہی ہے اور اس وقت بھی ریلوے میں 3 سے 4 سو عیسائی نوجوان میرے ساتھ ہیں۔


متعلقہ خبریں