حفیظ شیخ کی ایمنسٹی اسکیم کو آسان بنانے کی ہدایت



اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر خزانے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے اثاثہ جات ظاہر کرنے سے متعلق اسکیم کو سمجھنے اور عمل درآمد کے لیے آسان بنانے کی ہدایت کی ہے۔

عمران خان کے مشیر برائے خزانہ، ریونیو ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) حکام کے ساتھ مجوزہ ایمنسٹی اسکیم 2019 کا تفصیلی  جائزہ لیا۔ اس حوالے سے اہم نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ اس اسکیم کو آسان بنانے سے ہی اس کے مقصد کو حاصل کیا جاسکتا ہے، یہ اسکیم معیشت کو مزید ٹیکس سے ہم آہنگ کرنے اور اسے بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

واضح رہے ایمنسٹی اسکیم کو 16 اپریل کو منظوری کے لیے سابق وزیرخزانہ اسدعمر نے وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیا تھا تاہم کچھ وزراء کی جانب سے اس کی مخالفت کی گئی تھی، اگلے اجلاس میں اس پر خصوصی اجلاس بھی طلب کیا گیا لیکن اس میں وزراء کے اس حوالے سے تحفظات ختم نہیں ہوسکے تھے جس پر اسے ملتوی کردیا گیا تھا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کابینہ نے اسکیم کے تمام پہلووں کا جائزہ لیا لیکن کچھ چیزوں کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے اس لیے اسے اگلے اجلاس تک موخر کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو طلب

یاد رہے کابینہ کے اگلے اجلاس سے قبل ہی وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر مستعفی ہوچکے ہیں، ان کی جگہ لینے والے نئے مشیر خزانہ اب اس اسکیم کو دیکھ رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو طلب کر رکھا ہے جس میں 15 سے زائد نکات زیرغور آئیں گے۔

وزیراعظم کابینہ کو حالیہ تبدیلیوں کے حوالے سے اعتماد میں لیں گے اور مختلف معاہدوں اور تقرریوں کی بھی منظوری دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اجلاس میں مشیرخزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ ملک کی معاشی صورتحال سے کابینہ کو آگاہ کریں گے جبکہ اجلاس میں ایمنسٹی اسکیم پر بھی ایک بار پھر مشاورت ہوگی۔


متعلقہ خبریں