ملک بھر میں موسم گرم اور خشک



اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آج  ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں اور سندھ میں گرم رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

خیبرپختونخوا کے کوہاٹ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش متوقع ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج گرمی کی شدت میں قدرے اضافے کا امکان ہے۔ دوپہر کے وقت موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم شام کے وقت موسم معتدل ہوگا۔ صبح کے وقت اسلام آباد کا درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

سندھ بھر میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ کراچی کا درجہ حرارت صبح کے وقت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد رہا۔ آج کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

فوٹو: ہم نیوز

محکمہ موسمیات نے آج پنجاب کے اکثر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے تاہم سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ آزاد کشمیر کے اکثر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ مظفرآباد، میرپور، کوٹلی اور باغ میں آج بارش متوقع ہے۔

لاہور میں موسم آج بھی خشک رہے گا۔ شہر کا درجہ حرارت37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 49 فیصد رہے گا۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں آج گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم مالاکنڈ ڈویژن، خانیوال، لیہ اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش چترال میں 08 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔


متعلقہ خبریں