ملک بھر میں آج سے پولیو مہم کا آغاز 



اسلام آباد:ملک بھر میں آج سے پولیو مہم کا آغاز  ہوگیا۔  3کروڑ 90 لاکھ سے زیادہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف ہے۔پولیو مہم 22 اپریل سے 24 اپریل تک جاری رہے گی۔

نیشنل پولیو کنٹرول پروگرام کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق 2 لاکھ 60ہزار سے زیادہ پولیو ورکرز خدمات انجام دے رہے ہیں۔

پنجاب میں 2 کروڑ اور سندھ میں 90 لاکھ سے زیادہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جارہے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں 68 لاکھ اور بلوچستان میں 24 لاکھ سے زیادہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائےجارہے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 4 لاکھ اور آزاد کشمیر میں 7 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف ہے۔

پشاور میں 10 سال تک کے 16 لاکھ بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلائے جارہے ہیں۔

نیشنل پولیو پروگرام کی طرف سے درخواست کی گئی ہے کہ تمام مکتبہ فکر کے لوگ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔پولیو کے2 قطرے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچا سکتے ہیں۔  والدین کے تعاون سے ہمیشہ کیلئے پولیو کا خاتمہ ممکن بنایا جاسکتا ہے- پولیو پروگرام

ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید نے لاہور میں پولیو مہم کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز ، ڈی ڈی اوز ہیلتھ اور سب رجسٹرارز پولیو ٹیموں کی سخت مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں۔

صالحہ سعید نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ لاہور میں پولیو مہم میں 18 لاکھ سے زائد پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے۔ 5000 سے زائد پولیو ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: ملک کے 12 شہروں میں خطرناک پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف

پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا رہی ہیں۔ڈی سی لاہور صالحہ سعید کی شہریوں سے بھی پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کی اپیل کی ہے۔

سندھ میں  انسداد پولیو مہم کا افتتاح وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کراچی میں 22 اپریل تا 28 اپریل  کوپولیو سے بچاو کے قطرے پلائیں جائینگے، اندرون سندھ میں 22 تا 24 اپریل کو انسداد پولیو مہم جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں 90 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائینگے، 56 ہزار پولیو ورکر اس مہم میں حصہ لینگے۔ 5000 سے زائد سیکیورٹی اہلکار پولیو ورکرز کی سکیورٹی پر تعینات ہونگے۔ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ رواں برس کراچی میں پولیو کا ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔


متعلقہ خبریں