پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر اضافے کا امکان

پیٹرولیم مصنوعات

اسلام آباد: امریکی اور برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت میں ایک ڈالر سے زائد کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت ایک ڈالر 90 سینٹ اضافے کے ساتھ 73 ڈالر 90 سینٹ ہوگئی ہے اور امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت میں بھی ایک ڈالر 70 سینٹ  کا اضافہ ہوا ہے۔

ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافے سے پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اثر پڑے گا۔ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 سے 5روپے اضافہ ہوسکتا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں یکم اپریل2019 کو بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔ پیٹرول کی نئی قیمت 98 روپے 89 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل  117 روپے 43 پیسے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی قیمت 89 روپے 31 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 80 روپے 54 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری کردہ قیمتوں کے نوٹسز کا ریکارڈ دیکھا جائے تو پاکستان تحریک انصاف نے اگست 2018 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے تا دم تحریر چار بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا، تین بار کمی کی جبکہ ایک ماہ قیمتوں کو برقرار رکھا گیا ہے۔

اگست2018 میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 95 روپے 24 پیسے تھی اور اپریل 2019 میں 98 روپے 89 پیسے ہے۔ اس لحاظ سے مجموعی طور پر 3.50 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

حکومت کی جانب سے قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ اپریل 2019 میں چھ روپے فی لیٹر کیا گیا جبکہ سب سے زیادہ کمی جنوری2019 میں پانچ روپے کی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں