وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب ایک صحفے پر ہیں، فردوس عاشق اعوان



لاہور: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب ایک صحفے پر ہیں، وزیراعلی پنجاب کے حوالے سے جو باتیں چل رہی تھیں وہ جھوٹ ثابت ہوئی ہیں، تمام اراکین نے آج ایک بار پھر ان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والے اب یہ بات تسلیم کرلیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملکی مسائل حل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے اندرکوئی اختلافات نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسدعمرپارٹی کا اہم حصہ اور اثاثہ ہیں، ہر کھلاڑی ہر میدان میں سنچری اسکور نہیں کرتا لیکن ان کی تحریک انصاف کے لیے بہت خدمات ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ملک کو معاشی محاذ پربہت سارے چینلجزکا سامنا ہے، حفیظ شیخ کو ان کی قابلیت کی وجہ سے لایا گیا ہے کہ وہ عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ بات چیت میں پاکستان کے مفادات کا تحفظ کرسکے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے کابینہ میں تبدیلی کی ہے اور یہ ان کا آئینی حق ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جمہوریت کے لیے میڈیا کا کردار کلیدی ہے، میڈیا وزیراعظم عمران خان کے کان اور آنکھیں ہیں۔ میڈیا حکومت کی ایسی ٹیم ہے جو غلطیاں بھی بتائے اور مثبت اقدامات کی جانب اشارہ بھی کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ  صحافتوں تنظیموں سے رابطے بحال کرنے کی کوشش کروں گی، حکومت کو میڈیا کے کارکنوں کی مشکلات کا اندازہ ہے، صحافیوں کے مسائل حل کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔


متعلقہ خبریں