موجودہ حکومت نے 461 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے،6ایم این ایز کے نام بھی شامل



اسلام آباد: تحریک انصاف کی حکومت نے 461 افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالے ہیں جس میں چھ اراکین قومی اسمبلی بھی شامل ہیں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران حکومت نے اپنے دور میں جن افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے ان کی فہرست پیش کی،  وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کے مطابق آصف زرداری، بلاول بھٹو، خواجہ سعدرفیق، محسن داوڈ،علی وزیر اور افضل کھوکھر کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے۔

وزیرداخلہ نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری، علی وزیر اور محسن داوڑ کے نام ای سی ایل سے نکال دئیے گئے ہیں جبکہ آصف زرداری،خواجہ سعد رفیق اور افضل کھوکر کے نام تاحال ای سی ایل میں شامل ہیں۔

 

وزیرداخلہ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے نام ایف آئی اے کی سفارش پر ای سی ایل میں ڈالے گئے۔

محسن داوڑ اور علی وزیر کے نام حکومت اور سیکیورٹی اداروں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کرنے پر ای سی ایل میں ڈالے گئے۔

خواجہ سعد رفیق کانام قومی احتساب بیورو (نیب) کی سفارش پر ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے۔

سپریم کورٹ نے زمینوں پر قبضے کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران افضل کھوکھر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا تھا۔

وزیرداخلہ کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز شریف اور کیپٹن (ر) صفدر کے نام بھی  ای سی ایل میں ڈالے گئے ہیں، انہوں نے بتایا کہ یہ تمام نام وفاقی کابینہ کے فیصلے کے تحت ای سی ایل میں ڈالے گئے۔


متعلقہ خبریں