پاکستان نے بھی ایٹمی ہتھیار عید کے لیے نہیں رکھے ہوئے، محبوبہ مفتی

کشمیر، مسائل حل ہوگئے تو 9 لاکھ فوجی کیا کررہے ہیں؟ محبوبہ مفتی

سرینگر: سابق وزیراعلی مقبوضہ کشمیر محبوبہ مفتی نے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کو بھرپور جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے بھی ایٹمی ہتھیار عید کے لیے نہیں رکھے ہوئے ہیں۔

محبوبہ مفتی نے وزیراعظم نریندر مودی کو سوشل میڈیا پرجواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت نے ایٹمی ہتھیار دیوالی کے لیے نہیں رکھے ہوئے ہیں تو یہ بات بھی ظاہر ہے کہ پاکستان نے یہ عید کے لیے نہیں رکھے ہوئے ہیں۔

محبوبہ مفتی نے کہا کہ ایسے بات کرتے ہیں جیسے ایٹمی ہتھیار نہیں مٹھائی ہو کہ یہ دیوالی پر تقسیم کی جائے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ پتہ نہیں وزیراعظم مودی اتنے نیچے کیوں آگئے ہیں، انہیں سیاسی درجہ حرارت کو کم کرنا چاہیے۔

گزشتہ روز بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے پاس ایٹمی ہتھیار دیوالی پرچلانے کے لیے نہیں ہیں۔

اس سے قبل 18 اپریل کو بھی بھارتی وزیراعظم نے کہا تھا کہ ہمارے پاس ایٹمی ہتھیاروں کی ماں ہے، میں نے پاکستان کو بتانا کا فیصلہ کیا ہے کہ جو بھی کرنا ہے کر لو لیکن ہم بھرپور جواب دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں نریندرمودی کی پاکستان کو ایٹمی حملے کی دھمکی

یاد رہے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بس پر خود کش حملے کے بعد بھارت کی دھمکیوں کے جواب میں وزیراعظم عمران خان نے عوام سے اپنے خطاب میں بھارت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر بھارت نے حملہ کیا تو پاکستان جواب دینے کا سوچے گا نہیں بلکہ جواب دے گا۔

محبوبہ مفتی نے گزشتہ ماہ پاک بھارت کشیدگی کے موقع پر بھی بھارتی وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ مودی سرکار جنگ کے نام پر بھارتی عوام کو بے وقوف بنارہی ہے، بھارت پاکستان کے ساتھ کبھی بھی جنگ نہیں کرے گا۔

مقبوضہ کشمیر میں حکمران جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی سے اختلاف کے بعد بی جے پی نے حکومتی اتحاد سے علیحدگی کا اعلان کر دیا تھا جس کے بعد ایوان میں اکثریت نہ رہ جانے کی وجہ سے محبوبہ مفتی مستعفی ہوگئی تھیں۔ وہ 2014 سے جون 2018 کے درمیان مقبوضہ کشمیر کی وزیراعلیٰ رہیں۔


متعلقہ خبریں