ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق بھارتی وزیراعظم کے بیان پر پاکستان کا اظہار تشویش

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق کو غیرذمہ دارانہ اور افسوسناک قرار دے دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی وزیراعظم کے ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ سیاسی مقاصد کیلئے ایسے بیانات سے جنوبی ایشیاء میں عدم استحکام آئے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کا قتل کی رات سے متعلق بیان انتہائی تشویشناک ہے، بھارتی وزیر اعظم کا بیان بھارتی حکام کے ان دعووں کی نفی ہے جنہوں نے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہورہا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ بھارتی حکام نے الٹا پاکستان پر جنگی جنون طاری کرنے کا الزام دھر دیا تھا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ جوہری ہتھیاروں سے متعلق ایسے بیانات انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہیں،خطے کے استحکام کیلئے بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل ضروری ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ خطے میں استحکام کیلئےبات چیت کے ذریعے ہی اعتماد بحال کیا جاسکتا ہے۔

گزشتہ روز عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کا کہنا تھا کہ ایک امریکی سئینر عہدیدار نے کہا ہے کہ جب پاکستان نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کیا تھا تب بھارت نے 12 میزائل تیار کرلیے تھے، اگر پاکستان دوسرے دن پائلٹ واپس کرنے کا اعلان نہ کرتا تو یہ ’’قتل کی رات‘‘ ہوتی۔

بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ یہ امریکہ نے بتایا ہے، میں اس حوالے سے ابھی کچھ نہیں کہوں گا لیکن جب وقت آئے گا تو اس  پر بولوں گا۔

اس کے علاوہ گزشتہ روز بھی بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے پاس ایٹمی ہتھیار دیوالی پرچلانے کے لیے نہیں ہیں۔

اس سے قبل 18 اپریل کو بھی بھارتی وزیراعظم نے کہا تھا کہ ہمارے پاس ایٹمی ہتھیاروں کی ماں ہے، میں نے پاکستان کو بتانا کا فیصلہ کیا ہے کہ جو بھی کرنا ہے کر لو لیکن ہم بھرپور جواب دیں گے۔


متعلقہ خبریں